جماعت اسلامی کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منانے کا اعلان

بی جے پی کی حکومت سے دوستی کی بات پاکستان سے غداری ہے،انڈیا پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کی سازش کر رہا ہے،دونوں ایٹمی ممالک کے مابین ہر وقت جنگ کا خطرہ ہے،افسوس پاکستانی حکومتیں بھارت سے دوستی کرتی ہیں ،جواب میں کلبھوشن کے تحفے ملتے ہیں،اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کریں، سراج الحق کی پریس کانفرنس

جمعہ 25 جنوری 2019 17:28

جماعت اسلامی کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منانے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2019ء) جماعت اسلامی نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت سے دوستی کی بات پاکستان سے غداری ہے،انڈیا پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کی سازش کر رہا ہے،دونوں ایٹمی ممالک کے مابین ہر وقت جنگ کا خطرہ ہے،افسوس پاکستانی حکومتیں بھارت سے دوستی کرتی ہیں لیکن جواب میں کلبھوشن کے تحفے ملتے ہیں،اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کریں۔

جمعہ کو امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں عام انتخابات سے قبل کشمیریوں پر ظلم بڑھ گیا ہے،71 سال میں لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں،قلیل عرصے میں 95 ہزار کشمیری شہید، ایک لاکھ بے گھر ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی تکمیل ہے،انڈیا کے ساتھ تین جنگیں اس مسئلے ہر ہو چکی ہیں ،دونوں ایٹمی ممالک کے مابین ہر وقت جنگ کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 74 فیصد لوگ مسلمان اور دریا وہیں سے پاکستان آتے ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ انڈیا پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ بھارت سندھ طاس کی خلاف ورزی کرکے 62 ڈیم بنالیے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر بھی مجاہدین کی بدولت ملا ہے،کشمیری مجاہدین کی قربانیوں سے آج پاکستان محفوظ ہے۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے باوجود ظلم جاری ہے ،بھارتی ظلم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے،8 ہزار نوجوان گرفتاری کے بعد لاپتہ ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ بھارت نے کشمیری قیادت کو نظربند کیا ہوا ہے ،کشمیری جدوجہد کی کامیابی پاکستان کی بقا کی ضامن ہے ،افسوس پاکستانی حکومتیں بھارت سے دوستی کرتی ہیں لیکن جواب میں کلبھوشن کے تحفے ملتے ہیں۔

انہورںنے کہاکہ بی جے پی کی حکومت سے دوستی کی بات پاکستان سے غداری ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ قاضی حسین احمد نے 1990 میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش جذبے سے منائے گی،ملک بھر میں احتجاجی جلسے کرائے جائیں گے۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کی قیادت سے مل کر آزادی کشمیر کا روڈ میپ دے،حکومت پاکستان روڈ میپ کی کامیابی کے لیے فنڈز مختص کرے،حکومت ایک نائب وزیر خارجہ صرف کشمیر کے لیے تعینات کرے،دنیا بھر میں ہر پاکستانی سفارتخانے میں کمیر ڈیسک بنایاجائے۔

سراج الحق نے کہاکہ کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں ہر پاکستانی ان کے ساتھ ہے،پاکستانی حکومت تماشائی اور لفظی مذمت سے آگے بڑھے۔ سراج الحق نے کہاکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیریوں کو حق دلانے میں کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے ایک شاہ محمود قریشی کی تقریر میں ذکر کے علاوہ کشمیر پر کوئی بات نہیں کی، پرویز مشرف نے کشمیری کاز پر ظلم کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی حکومتوں نے بھی فعال کردار ادا نہیں کیا،موجودہ حکومت کشمیرکے لیے سنجیدہ نہیں ہے،کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے،حکومت 2019 کو آزادی کشمیر کا سال کے طور پر منائے۔ سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ وہاں کے لوگوں کے خون سے اجاگر ہے،باہر سے جہاد کی بات میں صداقت نہیں۔انہوںنے کہاکہ ایل او سی پر فائرنگ کی مذمت روایتی ہوتی ہے عملی نہیں ہوتی۔ سراج الحق نے کہاکہ بارڈر پر رہنے والے لوگوں کے تحفظ کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات نہیں اٹھاتی ۔انہوںنے کہاکہ کشمیر کے حصے کرنے کا کسی کو حق نہیں،کشمیری عوام کا فیصلہ ہے کہ کشمیر پاکستان کا ہے۔