پولیس اور عوام کے مثبت تعاون سے جرائم کی شرح میں بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے، ڈی پی او خانیوال

جمعہ 25 جنوری 2019 20:06

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2019ء) ضلع خانیوال کے عوام باشعور اور امن پسندہے یہی وجہ ہے کہ پولیس اور عوام کے مثبت تعاون سے جرائم کی شرح میں بہت حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔عوام کے مسائل سن کر ان کی داد رسی کرنا میری اولین ذمہ داری میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او نے اپنے دفرمیں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اورشہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ڈی پی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈورپالیسی اور آئی جی پنجاب پولیس کے احکامات کی روشنی میں کھلی کچہری کے انعقادکامقصدعوام کی پولیس تک رسائی کو آسان بنانا اورآپ لوگوں کے مسائل سننا اور پولیس کے عوام سے روئیے بارے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جھوٹی گواہی اوبے گناہ کسی شخص کو ایف آئی آر میں نامزد کرنے سے گریز کریں، تاکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مجرم کو سزاء اور حقدار کو اسکا حق مل سکے، کیونکہ پولیس اورعوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال کرنا اور ان کے جائزمسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرناہمارا فرض اور ڈیوٹی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر کسی کا کوئی مسئلہ ہو تو وہ پہلے تھانہ کے ایس ایچ او سے اور ایس ڈی پی او کے پاس جائیں اگر معاملہ پھربھی حل نہ ہو تو میرے دفتر کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھلے ہیں، کیونکہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میرے پاس آئے ہوئے ہر فرد کا مسئلہ حل ہونا چائیے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع خانیوال کومنشیات سے پاک اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لیے مہم جاری ہے بڑے بڑے منشیات فروش سلاخوں کے پیچھے جا چکے ہیں معاشرے میں ایسے ناسوروں کو ختم کرنے کے لئے صحافی او رعوام پولیس کیساتھ تعاون کریں یا میرے نوٹس میں دیں تاکہ ضلع خانیوال کو کرائم فری بنایا جاسکے‘ آپکے پولیس کیساتھ مثبت تعاون سے معاشرے سے جرم اور ناانصافی ختم ہو سکتی ہے۔