تھانہ مورگاہ پولیس نے ڈکیتی میں ملوث 03رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا

جمعہ 25 جنوری 2019 20:09

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2019ء) تھانہ مورگاہ پولیس نے ڈکیتی میں ملوث 03رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان سے چند روز قبل ڈکیتی کے دوران چھینی گئی رقم 01لاکھ 57ہزار روپے ، موبائل فون اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے تھانہ سول لائن میں وارداتوں کے سدباب کے لئے ایس پی پوٹھوہار کو خصوصی ٹاسک دیا ۔

جس پر ایس پی پوٹھوہار نے ایس ڈی پی او سول لائن اے ایس پی عثمان طارق کی نگرانی میں ایس ایچ اوتھانہ مورگاہ اور سب انسپکٹر عامر محمود پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی ، جنہوں نے شب وروز محنت کرتے ہوئے اے آر ایل گراونڈ کے قبرستان میں ریڈ کر کے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 03رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا گرفتار ملزمان میں شہزاد عباسی ، محسن رضااور محمد حبیب شامل ہیں ، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران تھانہ مورگاہ کے علاقے میں چند روز قبل ہونے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان سے دوران ڈکیتی لوٹی گئی نقد رقم01لاکھ 57ہزار ، 04عدد موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ 02عدد پستول 30بور معہ 09روند بھی برآمد کر لئے گئے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جن سے آئندہ متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے سمیت مزید انکشافات کی توقع ہے۔