تفتیش کے ذریعے مقدمات کو ٹریس کرنا اور اصل حقائق کو سامنے لانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہی:ڈی پی او

جمعہ 25 جنوری 2019 21:23

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2019ء) معیار تفتیش میں بہتری ، پولیس لائن میں ریفریشر کورسز، فنگر پرنٹ اور کرائم سین ٹریننگ ، تفتیشی افسران کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جارہا ہے ، مقدمات کی تفتیش میں فرانزک سائنس کا استعمال ناگزیر ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودہا محمد حسن رضا خان نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی کی خصوصی ہدایت پر پولیس افسران کی پیشہ وارانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لیے ذکاء اللہ شہید پولیس لائن میں ریفریشر کورسز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں جاری تفتیشی افسران کے لیے دو ہفتوں پر مشتمل پہلا کورس اختتام پذیر ہوا۔

جس میں مختلف تھانہ جات سے تفتیشی افسران شریک ہوئے ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودہا محمد حسن رضا خان نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے ذریعے مقدمات کو ٹریس کرنا اور اصل حقائق کو سامنے لانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ، معیاری تفتیش کے لیے ضروری ہے کہ تفتیشی آفیسر کرائم سین پر پہنچ کر اسکو محفوظ کرنے اورمادی شہادتوں کو اکٹھا کرنے میں مکمل مہارت رکھتے ہوں۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ان کو عدالت میں بطور شہادت پیش کرنا تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانا بھی اہم ذمہ داری ہے ۔ دوران ِکورس متعلقہ شعبہ کے ماہرین انسٹرکٹرز نے ملٹی میڈیا لیکچرز اورپریکٹیکل ٹریننگ کے ذریعے تفتیشی افسران کو کرائم سین محفوظ کرنے ، جائے وقوعہ پر موجود ملزمان کے فنگرپرنٹ اٹھانے کے حوالے سے ٹریننگ دی جو یقیناً ملزمان کو ٹریس کرنے اورانکے خلاف مادی شہادتیں اکٹھی کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد جدید فرانزک سائنس کے ذریعے انوسٹی گیشن کے معیار کو بہتربنانا ہے۔