صدر مملکت، گورنر سندھ اور وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ملاقات

جمعہ 25 جنوری 2019 23:42

صدر مملکت، گورنر سندھ اور وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز سے جناح سندھ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق رفیع نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ اسپتال نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو واسکولر ڈیزز، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اور جناح ہسپتال کے انتظامات وفاق کے سپرد کردئیے گئے ہیں جس سے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور ان کے والدین تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرے گی تاکہ طلباء و طالبات اور والدین کی تشویش کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ تدریسی عمل کو ہر گز متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔