خلیل کی فیملی کو اسلام آباد بلانے کی تحقیقات کی جائیں گی،رحمان ملک

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے لواحقین کو نہیں بلایا، خلیل سے بات ہوئی،لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں، متاثرہ خاندان کو بلانے کا مقصد ان کا تحریری بیان لینا ہے،ارکان اسمبلی سے بھی خاندان بارے پوچھ گچھ کیلئے بلائیں گے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے چیئرمین کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جنوری 2019 16:40

خلیل کی فیملی کو اسلام آباد بلانے کی تحقیقات کی جائیں گی،رحمان ملک
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جنوری2019ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے ورثاء کوبغیر نوٹس اسلام آباد بلائے جانے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے لواحقین کو نہیں بلایا، خلیل سے بات ہوئی، لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔انہوں نے آج یہاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے لواحقین کو نہیں بلایا۔

ہم لواحقین کو بلانے کیلئے نوٹس جاری نہیں کیا۔ڈی ایس پی لواحقین کو کیوں لیکر آیا تحقیقات کی جائیں گی۔ میری خلیل کے بھائی سے بات ہوئی ہے۔ خلیل کی فیملی سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔رحمان ملک نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں ایک ماں نے اپنی جان دے کر بچوں کوبچا لیا۔

(جاری ہے)

سب کوبچانے والا اللہ ہے، مارنے والے بہت ہیں۔ حکومت سے فوری جواب طلب کرنا چاہتے ہیں۔

جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پہلے دن ہی کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو بلانے کا مقصد ان کا تحریری بیان لینا ہے۔ متاثرہ حلقے کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بھی بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ذیشان دہشتگرد ہے یا نہیں۔ گرفتار لوگوں کیخلاف سخت کاروائی کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس شاید محکمہ انکشافات آگیا ہے۔

شہبازشریف ملزم ہیں مجرم نہیں۔ شہبازشریف کو شیخ رشید کی حکومت نے ہی چیئرمین پی اے سی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سیاستدان ہیں بہت کچھ کہہ سکتے ہیں۔ شیخ رشید اگر ایسی باتیں کررہے ہیں تو وہ حکومتی فیصلے کو چیلنج کررہے ہیں۔ واضح رہے گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان کو ملاقات کیلئے اسلام آباد بلایا تھا۔

لیکن ملاقات نہیں ہوسکی۔سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے بھائی جلیل کا کہنا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کیلئے بلایا تھا۔میرے اہلخانہ سڑکوں پر خوار ہوتے رہے لیکن ملاقات نہ ہوسکی۔صدرمملکت کراچی میں ہیں اور ہمارا تماشا بنایا جارہا ہے۔ملزمان کو سکیورٹی دی گئی ہے جبکہ ہمیں سکیورٹی نہیں دی گئی۔ سمجھ نہیں آرہا کہ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے۔