قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے2کشمیری جوان شہید

یوم سیاہ کے موقع پر وادی میں کرفیو‘انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 جنوری 2019 16:51

قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی سے2کشمیری جوان شہید
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جنوری۔2019ء) قابض بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ہیں. کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے دونوں نوجوانوں کو سری نگر کے علاقے کھونموہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا. قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی ہلاکت پر سری نگر میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا، لیکن فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں.

(جاری ہے)

حریت راہنماﺅں کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادتوں کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی اقوام متحدہ سے سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کروانے کا مطالبہ کیا گیا. خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منارہی ہے. یوم سیاہ منانے کا اعلان کشمیری حریت پسند راہنماﺅں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے کیا گیا تھا جبکہ کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس کی حمایت کا اعلان کیا تھا.

کشمیر میڈیا سروس کی ایک اور رپورٹ کے مطابق یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی، کشمیر بھر میں دوکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں جبکہ سڑکوں سے ٹریفک غائب رہی. حریت راہنماﺅں کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے کشمیر بھر میں سیکیورٹی بڑھا دی جبکہ کشمیری عوام نے وادءمیں مختلف مقامات پر بھارت مخالف مظاہرے کیے. یوم سیاہ کے اعلان کے ساتھ ہی بھارت نواز انتظامیہ نے کشمیر بھر میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس معطل کردی گئی.

یاد رہے کہ کشمیری ہر سال 15 اگست بھارت کے یوم آزادی اور 26 جنوری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں جبکہ بھارت نواز انتظامیہ اس موقع پر وادی میں انٹر نیٹ سروس معطل کرکے ای کرفیو لگا دیتی ہے. دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، بھارتی فوج کشمیریوں کو آج بھی اپنی سفاکیت کا نشانہ بنارہی ہے. انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم وستم کی بدترین مثالیں قائم کیں‘انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے.