Live Updates

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستانی زراعت بے پناہ ترقی کرسکتی ہے،جو قومیں تعلیم پر ریسرچ کریں وہ آگے بڑھتی ہیں، ریاست مدینہ دنیا کی تاریخ کی پہلی فلاحی ریاست بنی جس نے انسانوں کی بہتری کے لیے کام کیا، پاکستان کو بھی ایک عظیم ملک بنائیں گے، نواز شریف کو ایک آمر نے وزیراعلیٰ بنایا جبکہ شہباز شریف بھائی کی وجہ سے وزیراعلیٰ بنے، شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر جو طنز کیا اور جو زبان استعمال کی وہ غلط ہے، عثمان بزدار پنجاب کے بہترین وزیراعلیٰ بنیں گے کیونکہ وہ اقتدار کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال نہیں کریں گے

وزیراعظم عمران خان کا اپنے آبائی علاقے میانوالی میں نمل کالج یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

اتوار 27 جنوری 2019 17:30

میانوالی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی زراعت بے پناہ ترقی کرسکتی ہے ، بڑی کمپنیاں کرپشن کے باعث ملک چھوڑ کر چلی گئی تھیں، محنت کرنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں،جو قومیں تعلیم پر ریسرچ کریں وہ آگے بڑھتی ہیں، ریاست مدینہ دنیا کی تاریخ کی پہلی فلاحی ریاست بنی جس کے حکمرانوں نے انسانوں کی بہتری کے لیے کام کیا، ریاست مدینہ میں پیسے کو نہیں تعلیم کو ترجیح دی گئی، پاکستان کو بھی ایک عظیم ملک بنائیں گے، آزاد ذہن سے ہی ترقی ممکن ہے،جو حکمران جمہوریت سے کامیاب ہوتے ہیں وہ قوموں کو اوپر لے کر جاتے ہیں، نواز شریف کو ایک آمر نے وزیراعلیٰ بنایا جبکہ شہباز شریف بھائی کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب بنے ،شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر جو طنز کیا اور جو زبان استعمال کی ہے وہ غلط ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پنجاب کے بہترین وزیراعلیٰ بنیں گے کیونکہ وہ اقتدار کو پیسہ بنانے کیلئے عہدے کو استعمال نہیں کریں گے،یہاں پر ہسپتالوں کو ایسے بنائیں گے کہ کوئی پاکستانی علاج کے لیے باہر نہ جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ا پنے آبائی علاقے میانوالی میں نمل کالج یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میانوالی یونیورسٹی کے گریجویٹ طلبہ کو مبارکباد دیتا ہوں ،طلبہ کے والدین کے چہروں پر خاص خوشی دیکھ رہا ہوں یہ ان کی زندگی کا بہترین دن ہے جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی امداد اور عطیات سے یہ یونیورسٹی بنی ہے سب کا شکر گزار ہوں کیونکہ اس دیہی علاقے میں پرائیویٹ یونیورسٹی مشکل سے ہی بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل پراجیکٹ کے باوجود ان لوگوں نے اس یونیورسٹی پر پیسہ خرچ کیا، نمل کی ترقی کیلئے خدمات پیش کرنے والے تمام افرا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اتنے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی قائم کرنا مشکل ہوتا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی زراعت بے پناہ ترقی کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ اناج پیدا کرنے میں کیلئے زرعی تحقیق اہم ہے،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی زراعت بے پناہ ترقی کرسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بڑی کمپنیاں کرپشن کے باعث ملک چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔لائیواسٹاک کے شعبہ میں کسانوں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف نہیں کرائی گئی،پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے اگر ہم صحیح طریقے سے اس کو استعمال کریں تو ہم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کو بھی اناج بیچ سکتے ہیں ،اللہ نے ہمیں 27 ویں رمضان المبارک کو یہ ملک دیا ہے اور اس ملک کو نعمتوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بدقسمتی سے سوکھا دودھ بھی باہر سے درآمد کرتا ہے،ہمارے کسان کو وہ تکنیک معلوم نہیں کہ ایک گائے سے کتنا دودھ لیا جاسکتا ہے،ہمارے کسان ایک گائے سے 6 کلو دودھ لیتے ہیں اور ہالینڈ میں 40 لیٹر تک ایک گائے سے دودھ لیا جاتا ہے،ہمارے کسانوں کو تکنیک بہتر کرنے کی ضرورت ہے جس سے دودھ کی پیداوار دگنی کی جا سکتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ محنت کرنے والی قومیں ترقی کرتی ہیں،جو قومیں تعلیم پر ریسرچ کریں وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک نظریے کے تحت ہوا، آج کے بھارت میں مسلمانوں کو بہت مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں کہا کہ انسانوں کو کسی مقصد کیلئے پیدا کیا گیا ہے،ایک وژن کے تحت پاکستان بنا تھا، علامہ اقبال ایسا پاکستان بنانا چاہتے تھے جو دنیا کیلئے ایک مثال ہو،ایک اصل اسلامی ریاست کیا ہوتی ہے، ریاست مدینہ دنیا کی تاریخ کی پہلی فلاحی ریاست بنی، ریاست مدینہ میں حکمرانوں نے انسانوں کی بہتری کے لیے کام کیا، ریاست مدینہ میں پیسے کو نہیں تعلیم کو ترجیح دی، علم حاصل کریں اگر تمہیں چین بھی جانا پڑے، پاکستان کو بھی ان اصولوں کے تحت بنانا تھا اور تعلیم کے اوپر زور دینا تھا۔

نبی کریمؐ نے بھی تعلیم کے حصول پر زور دیا۔ 7سو سال تک مسلمان دنیا کی عظیم تہذیب کے امین تھے۔ پاکستان کو بھی ایک عظیم ملک بنائیں گے، آزاد ذہن سے ہی ترقی ممکن ہے، اپنے دین، ثقافت اور تہذیب کو کبھی نہ بھولیں، فتح اور شکست انسانی زندگی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جو انسان ترقی کرتا ہے وہ جڑوں سے اوپر جاتا ہے،اپنے دین ،ثقافت اور تہذیب کو کبھی نہ بھولیں فتح اور شکست انسانی زندگی کا حصہ ہیں،علامہ اقبال کی خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے قرآن ،مسلم تاریخ اور مغربی فلاسفی پڑھی تھی آج بھی علامہ اقبال کی شاعری پڑھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کلچر اور تاریخ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے پھر آپ ترقی کرسکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلے اور دوسرے انتخابات میں ان کا اخباروں میں مذاق اڑایا جاتا تھا، زندگی کا سفر کبھی سٹریٹ لائن نہیں ہوتا، زندگی کی اونچ نیچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ہار سے ڈرنا نہیں چاہیے بلکہ اس سیکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میرٹ کی وجہ سے کامیاب ہوتی ہے،جو حکمران جمہوریت سے کامیاب ہوتے ہیں وہ قوموں کو اوپر لے کر جاتے ہیں۔

جمہوریت سے اوپر جو آتا تھا وہ محنت سے آتا تھا،نواز شریف کو ایک آمر نے وزیراعلیٰ بنایا شہباز شریف بھائی کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب بنے ۔شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر جو تنز کیا اور جو زبان استعمال کی ہے وہ غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حکمران بھی جوابدہ ہوتے ہیں ،جمہوریت احتساب اور جواب دہی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جو بھی لیڈر ہوگا وہ جوابدہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کے اربوں روپے چوری کیے ہیں ابھی جب اس حوالے سے پیشی کیلئے پیش ہورہے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ وہ احسان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پوری دنیا سے آگے نکل رہا ہے، چین اس لیے ترقی کررہا ہے کہ اس نے 5 سالوں کے دوران4 سو وزیروں کو جیلوں میں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ تیس سال کی کوششوں سے آگے پہنچے ہیں اور چین کے وزیراعظم لی وہ بھی میرٹ پر پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کا لیڈر عوام کا پیسہ اپنی ذات پر خرچ نہیں کرسکے گا۔ آپ کا امتحان اس وقت ہوتا ہے جب آپ پر مشکل آن پڑے، مشکلات کے آگے ہار نہیں ماننی چاہیے بلکہ اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زندگی سے چیلنج ختم ہوجائے تو صلاحیتیں بھی ختم ہوجاتی ہیں ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کا مقصد کبھی پیسہ نہ بنانا، بل گیٹس نے جو پیسہ بنایا وہ اب انسانیت پر خرچ کررہے ہیں، دوسرے انسانوں کا جذبہ اللہ تعالیٰ کو پسند ہے،پیسہ اور تعلیم انسانوں پر خرچ کریں،فلاح کے راستے پر چلیں تو خوف ختم ہوجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میانوالی آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرح ماڈل بنے گی۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر مشکل وقت آجائے ان کو اس وقت کا مقابلہ کرنا چاہیے، کہ جو آپ غلط کررہے ہیں اس کی نشاندہی کریں ،غلطیوں کا جائزہ لیں اس کے بعد پھر محنت کریں پھر آپ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نمل یونیورسٹی میانوالی آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرح ماڈل بنے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب اس یونیورسٹی کی بھر پور مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پنجاب کے بہترین وزیراعلیٰ بنیں گے کیونکہ وہ اقتدار کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال نہیں کریں گے،ملک سے قرضے لے کر اور بیٹوں کا ارب پتی بنا کر فیکٹریاں نہیں بنائیں گے۔ عثمان بزدار میں عاجزی ہے تکبر نہیں ہے، عثمان بزدار کے بیٹے اور داماد باہر نہیں بھاگے، انہیں عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے جبکہ عثمان بزدار کا علاج بھی اسی ملک میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر ہسپتالوں کو ایسے بنائیں گے کہ کوئی پاکستانی علاج کے لیے باہر نہ جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات