پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر جاری

پیر 28 جنوری 2019 16:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2019ء) پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے، کل منگل پنجاب ،کراچی، بلوچستان،میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ ملک کے میدانی علاقے پیر کو بھی دھند کی لپیٹ میں رہے، اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہی، دھند کے باعث خانیوال سے ملتان تک موٹروے بند رہی۔ محکمہ موسمیات نے منگل سے ملک میں بارش کے نئے سسٹم کے داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے جس سے کراچی، بلوچستان کے ساحلی علاقے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسنے کااور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے جس سے پارہ مزید گرنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا۔ تاہم مکران ڈویژن میں ہلکی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان: جیوانی03 اور اوڑمارا میں02ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کو سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 16 ریکارڈ کیا گیا جبکہ کالام منفی 15، استور منفی 13، بگروٹ منفی 12، گوپس منفی 10، ہنزہ منفی 09، مالم جبہ منفی 08، دیر منفی 05، قلات منفی 04، کوئٹہ منفی 03، مری منفی 02، اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت صفر، لاہور 4، فیصل آباد 6، ملتان پشاور 2 اور کراچی میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا۔