Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

پیر 28 جنوری 2019 18:02

پاکستان تحریک انصاف نے آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف نے آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سندھ میں درخواست دائر کی تھی جسے کمیشن نے واپس کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری حلقہ این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے وہ ایم این اے بننے کے اہل نہیں۔دائر درخواست میں آصف علی زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف علی زرداری امریکا میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں جو انہوں نے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار دفتر نے مذکورہ درخواست پر اعتراض عائد کر دیا ہے کہ دائر درخواست کے ساتھ منسلک دستیاویزات غیر واضح ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات