رواں ہفتہ کے وسط میں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش ، پہاڑوں پر برف باری ہوگی،محکمہ موسمیات

پیر 28 جنوری 2019 20:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2019ء) رواں ہفتہ کے وسط میں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز بارش کے باعث لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے دوران بلوچستان (کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیرآباد، سبی ڈویژن)، سندھ (سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظرآباد، حیدرآباد، کراچی ڈویژن) میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

بدھ/جمعرات کے دوران زیریں خیبرپختونخوا (بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن) اور جنوبی پنجاب (ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن) میں کہیں کہیں بارش ہو گی۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن)، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودہا، فیصل آباد ڈویژن)، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ مقامات پر تیز بارش کی پیشنگوئی بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مالاکنڈ ڈویژن (سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر)، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برف باری کا امکان ہے۔ بدھ سے جمعرات کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش کے باعث لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ (آج) منگل کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم مکران ڈویژن میں ہلکی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں جیوانی04 اور اوڑمارا میں02 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پیر کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت اسکردو، کالام منفی 16، استورمنفی15، بگروٹ منفی14، گوپس منفی11، ہنزہ منفی10، مالم جبہ منفی07، دیر، دروش، پاراچنار، راولاکوٹ، قلات منفی05، میرکھانی، کوئٹہ، منفی04، کاکول منفی03، مری، کامرہ منفی02، گلگت، مظفرآباد، رسالپور، گڑھی دوپٹہ، چترال، چلاس، اسلام آباد منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔