تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں عوامی مہم کا آغاز کردیا گیا

پیر 28 جنوری 2019 20:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2019ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں عوامی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ شہر بھر میں کشمیر سیمینار، ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سب سے بڑا پروگرام 3 فروری کو ہوگا، حسن اسکوائر سے سفاری پارک تک ’’یکجہتی کشمیر کارواں‘‘ میں دینی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے رہنما شرکت و خطاب کریں گے۔

تحریک آزادی جموں کشمیر کراچی کے اعلامیے کے مطابق یکجہتی کشمیر مہم کے دوران شہر بھر میں کشمیر ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف مقامات پر سیمینار اور ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس کے ذریعے کشمیر میں جاری تحریک آزادی سے آگاہی اور بھارت کے انسانیت سوز مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

مہم کے حوالے سے جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف کا کہنا تھا کہ کشمیری روز اول سے پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ہیں، لیکن بھارت نے بزور قوت کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں جاری مظالم کی طرف مبذول کرائے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ آج بھارت کی دہشت گردی کو روکنے والا کوئی نہیں، لیکن اگر مظلوم کشمیری پتھر لے کر بھارتی فوج کے مقابلے میں کھڑے ہوجائے تو انہیں دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے۔ انڈیا نے ہمیشہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ مفتی عبداللطیف کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یکجہتی کشمیر مہم بھرپور انداز سے چلائیں گے۔ 3 فروری کا ’’یکجہتی کشمیر کارواں‘‘ اہالیان کراچی کی آواز قرار پائے گا۔