Live Updates

ہندو انتہا پسندوں نے نصیر الدین شاہ ، نوجوت سنگھ سدھو اور عامر خان کو غدار قرار دے دیا

تینوں افراد نے بھارت کا نام ڈبویا ہے۔ آر ایس ایس کے رہنما کا موقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 جنوری 2019 13:58

ہندو انتہا پسندوں نے نصیر الدین شاہ ، نوجوت سنگھ سدھو اور عامر خان کو ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2019ء) : انتہا پسند ہندوؤں نے بالی وڈ کے فلمسٹار عامر خان ، نصیر الدین شاہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو غدار قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے رہنما نے موقف اپنایا کہ عامر خان ، نصیر الدین شاہ اور نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت کا نام ڈبویا۔ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے رکن اندریش کمار نے تینوں شخصیات کے خلاف زہر اُگلتے ہوئے انہیں غدار اور وطن دشمن قرار دیا۔

متعصب رکن آر ایس ایس اندریش کمار کا کہنا ہے کہ عامر خان ، نوجوت سنگھ سدھو اور نصیر الدین شاہ نے دنیا کو بھارت کا داغ دار چہرہ کیوں دکھایا؟ ان تینوں نے دنیا کو یہ کیوں بتایا کہ ملک انتہا پسندی کی دلدل میں دھنستا جارہا ہے اور یہاں بسنے والی اقلیتی برادریاں خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں اور مسلمانوں کے لیے زمین تنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ، تب بھی بھارتی انتہا پسندوں نے نوجوت سنگھ سدھو کو تقریب حلف برداری میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بغل گیر ہونے پر غدار قرار دیا اور ان کے سر کی قیمت بھی مقرر کی تھی۔

دوسری جانب گذشتہ برس نصیر الدین شاہ نے بھارت کے موجودہ حالات میں اپنے کچھ خدشات کا اظہار کیا تھا جس پر انہیں انتہا پسندوں کی جانب سے اچھی خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ نصیر الدین شاہ نے بھارتی انتہا پسندوں کو جواب میں کہا تھا کہ میں بھی بھارتی شہری ہوں اور ایک فکرمند بھارتی کی حیثیت سے مجھے اپنے ملک کے بہتر مستقبل کے بارے میں جو بہتر لگا وہ میں نے کہہ دیا۔

جبکہ بھارتی فلمسٹار عامر خان نے بھی بھارت کے غیر محفوظ ہونے پر بیانات دئے جس پر انہیں بھی انتہا پسندوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس سب کے باوجود عامر خان اپنے بیان پر قائم رہے اور کہا کہ میں بھارت چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا ، میں تنقید کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے اپنے بھارتی ہونے پر فخر ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات