ہواوے پر امریکی الزامات میں ایران پر پابندیوں کی خلاف ورزی شامل

ہواوے گروپ کے بانی کی بیٹی اور کمپنی کی اعلی عہدے دار کے خلاف 13 الزامات عائد کیے گئے ہیں،وزارت انصاف چینی وزارت خارجہ کاامریکاسے ہواوے کے خلاف نامناسب کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ ،کمپنی نے بھی امریکی الزامات مسترد کردیئے

منگل 29 جنوری 2019 15:00

واشنگٹن/بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2019ء) امریکی وزارت انصاف نے چین کی مشہور ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ہواوے کے خلاف متعدد الزامات عائد کردیئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت نے ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کی بنیاد پر ہواوے گروپ کے بانی کی بیٹی اور کمپنی کی اعلی عہدے دار منگ وان چو اور کمپنی کے زیر انتظام تین دیگر ذیلی کمپنیوں کے خلاف 13 الزامات کا انکشاف کیا ہے۔

وان چو کو کینیڈا میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔علاوہ ازیں امریکی وزارت انصاف نے ہواوے کی دو ذیلی کمپنیوں پر ٹکنالوجی چوری کرنے کے حوالے سے 10 الزامات عائد کیے ہیں۔واضح رہے کہ کینیڈا میں امریکی وارنٹ کی بنیاد پر منگ وان چو کو حراست میں لیے جانے پر بیجنگ اور اوٹاوا کے درمیان تعلقات میں بڑے پیمانے پر کشیدگی پیدا ہو گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کا کہنا تھا کہ یہ تمام الزامات ہواوے کمپنی کے تمام تصرفات اور اقدامات کو بے نقاب کرتے ہیں جو اس نے امریکی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں سے فائدہ اٹھانے اور کام کی آزاد اور منصفانہ عالمی منڈی کو خطرے میں ڈالنے کے واسطے کیے۔

امریکی جنرل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ الزامات کی فہرست میں دونوں معاملات کے حوالے سے چینی حکومت کا کوئی کردار شامل نہیں۔ دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے واشنگٹن سے ہواوے کے خلاف نامناسب کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خود ہواوے کمپنی بھی امریکی الزامات کو مسترد کرتی ہے۔