Live Updates

خان صاحب منظور وسان کے خواب کو سنجیدہ لیں، بلاول بھٹو

ذوالفقار بھٹو نے میرٹ پر وزارت سنبھالی جبکہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد میں حمید گل کا کردار ہے، لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں لیکن 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا۔ میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 جنوری 2019 15:47

خان صاحب منظور وسان کے خواب کو سنجیدہ لیں، بلاول بھٹو
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29جنوری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خان صاحب منظور وسان کے خواب کو سنجیدہ لیں، ذوالفقار بھٹو نے میرٹ پر وزارت سنبھالی جبکہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد میں حمید گل کا کردار ہے، لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں لیکن 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا۔ انہوں نے آج یہاں گمبٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کون ساملک ہے جہاں تین بار بجٹ پیش کیا جاتا ہے۔

حکومت نے تیسرا بجٹ پیش کیا ہے۔منی بجٹ میں غریبوں کو ریلیف نہیں دیا گیا۔ بجٹ میں ظلم کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔عمران خان کو کوئی جاکر بتائے کہ ذوالفقار بھٹو نے میرٹ پر وزارت سنبھالی تھی۔ جبکہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد میں حمید گل کا کردار ہے۔

(جاری ہے)

شہید بھٹو نے اپنی سیاست کے عروج پر ایوب خان سے علیحدگی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو منظور وسان کے خواب کو سنجیدہ لینا چاہیے۔

عمران خان جس طرح پارلیمنٹ کو چلا رہے ہیں اس سے ملک کا نقصان ہورہا ہے۔ صدارتی نظام کی بجائے پارلیمانی نظام بہتر ہے۔صدارتی نظام لایا گیا تو پھر صوبوں کا اسٹیٹس کیا ہوگا؟ بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ قوتیں 18ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔ لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں لیکن 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا عوام سے کیا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔

لاپتا افراد کی بازیابی کا وعدہ کیا تھا اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ لاپتا افراد کا معاملہ ایک انسانی بحران ہے۔ اخترمینگل سے لاپتا افراد کی بازیابی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں اس طرح شہری غائب نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ فنڈز کے معاملے پرناانصافی ہورہی ہے۔ ہم وفاق سے سندھ کا حق لے کررہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات