ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی کٹ لانچنگ تقریب کیلئے پاکستان آئیں گے

فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے آل راﺅنڈر کی آمدکااعلان کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 جنوری 2019 18:14

ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی کٹ لانچنگ تقریب کیلئے پاکستان آئیں گے
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 جنوری2019ء) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی چار فروری کو ٹیم کی کٹ لانچنگ تقریب میں شرکت کے لیے پشاور پہنچیں گے۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ اور کِٹ 4 فروری کو متعارف کرائی جائے گی جس کی تقریب گورنر ہاﺅس خیبرپختونخواہ میں ہو گی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی بھی عام شہری اس تقریب میں شریک ہو سکتا ہے،جاوید آفریدی نے کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی بھی اس تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان آ رہے ہیں جبکہ پشاور زلمی کے مداحوں سے اپیل ہے کہ وہ اہل خانہ کیساتھ اس تقریب میں شرکت کیلئے گورنر ہاﺅس ضرور پہنچیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اب تک کے تین سیزنز کے دوران ڈیرن سیمی شائقین کے پسندیدہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے سیزن میں زلمی کے قیادت مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کے پاس تھی تاہم بعد میں انہوں نے یہ ذمہ داری ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر کے سپرد کردی تھی ۔پشاور زلمی کے سٹار کرکٹرز مصباح الحق ، کامران اکمل، وہاب ریاض ، عمر امین ، عمید آصف ، ابتسام شیخ ، ثمین گل بھی شریک ہوں گے جب کہ پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی، صدر ظہیر عباس، مینٹور یونس خان ، ہیڈکوچ محمد اکرم، منیجر ارشدخان شریک بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔