انسداد دہشت گردی عدالت ڈیرہ کی گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

منگل 29 جنوری 2019 18:47

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2019ء) انسداد دہشت گردی عدالت ڈیرہ نے کالعدم تنظیم لشکرجھنگوی گروپ کے دہشت گرد خطرناک مفرور اشتہاری ملزمان کو پناہ دینے کے الزام میں دو مختلف مقدمات میں گرفتار 10 سہولت کار ملزمان کی ضمانت پر درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں 80 ہزار روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

ملزمان کی جانب سے فاروق اختر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی گروپ کے دہشت گرد ملزم اشتہاری ثاقب عرف شانی ولد محمد ایوب قوم راجپوت سکنہ توصیف آباد کو ہرقسم کی پناہ سہولت قیام ،طعام اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں چھ ملزمان ناظم الدین ولد عمر دین ،محمد ایوب ولد رشید محمد عرف بشیر ،محمد تنویر ولد محمد ایوب ،محمد وسیم ،محمد جہانگیر ،محمد عالمگیر پسران محمد ایوب اقوام راجپوت ساکنان محلہ حیات اللہ حال توصیف آباد ڈیرہ جبکہ دوسری کاروائی کے دوران لشکر جھنگوی گروپ کے دہشت گرد اشتہاری ملزمان اسامہ عرف رضوان ولد محمد سلیم قوم راجپوت سکنہ چھوٹا بازار سٹی ڈیرہ کو قیام طعام اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کے الزام میں چار ملزمان سکندر اعظم ،وہاب گل پسران محمد اسماعیل ،محمد راحیل ،محمدبلال پسران مہر دین اقوام راجپوت ساکنان محلہ حیات اللہ سٹی ڈیرہ کو گرفتار کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے عدالت میں ضمانت پررہائی کی درخواستیں دائر کی ۔عدالت نے دو مختلف درخواستوں پر بحث سننے کے بعد ملزمان کو فی کس اسی ہزار روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔