اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل روکنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کردی

منگل 29 جنوری 2019 19:03

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل روکنے کی ایف آئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے سابق رہنماء عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل روکنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کردی ہے۔منگل کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل انور منصور عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ٹرائل کورٹ نے ایف آئی اے کی برطانیہ سے مزید شواہد اکٹھا کرنے کی درخواست مسترد کی ہے، ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کرنے کیلئے ہائیکورٹ کی جانب سے کیس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن کو جواز بنایا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ڈیڈ لائن سے متاثر ہوئے بغیر ایف آئی اے کی درخواست سنے۔عدالت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بھی حکم دیا کہ عدالت ایف آئی اے کی درخواست کو دوبارہ سن کر میرٹ پر فیصلہ کرے۔عدالت نے ایف آئی اے کی مقدمے میں مزید شواہد اکٹھے کرنے کی درخواست بھی نمٹا دی۔