Live Updates

کفالت یتامیٰ منصوبے کے تحت اب تک 163 طلبہ و طالبات کو فی کس 3500 روپے ماہانہ ادا کئے جا رہے ہیں، ڈاکٹر سیف الرحمن

منگل 29 جنوری 2019 20:54

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2019ء) الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کفالت یتامیٰ منصوبے کے تحت اب تک 163 طلبہ و طالبات کو فی کس 3500 روپے ماہانہ ادا کئے جا رہے ہیں، یوں ان بچوں پر سالانہ 68 لاکھ 46 ہزار روپے الخدمت فائونڈیشن خرچ کر رہی ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے اس میں توسیع کے لئے کام جاری ہے وہ الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد کے بورڈ آف مینجمنٹ اور مختلف انچارجز شعبہ جات کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری اصغر علی خان یوسف زئی، سید ناصر علی کاظمی، محمد سلیم خان، محمد نعیم عباسی، عین الدین سید، جواد احمد آرائیں، حافظ عرفان قائم خانی، طحہٰ بھٹی اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سیف الرحمن نے اجلاس کو بتایا کہ کفالت یتامیٰ منصوبے کا بنیادی مقصد ہے کہ جو یتیم بچے بچیاں مالی مشکلات کے سبب تعلیم اور کفالت کے مسئلہ سے دوچار ہیں ان کی مدد کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں انہوں نے کہا کہ ہم کفالت نہیں کرتے بلکہ ان بچوں کی کردار سازی کے لئے ورکشاپ بھی منعقد کئے جاتے ہیں، معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کی طرف سے کفالت یتامیٰ منصوبوں کے علاوہ رمضان المبارک میں راشن بیگز، کرسمس کے موقع پر اقلیتی برادری کے مستحق افراد میں ہر سال راشن بیگ، غریب اور مستحق خاندانوں میں کپڑوں کے جوڑے، لحاف، کمبل اور عید گفٹ تقسیم کئے جاتے ہیں، حال ہی میں 65 معذوروں کو وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت حیدرآباد ضلع میں 13 مدارس کام کر رہے ہیں جہاں 1236 طلبہ و طالبات مفت دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، 30 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ مدارس میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اس سال 12 طلبہ و طالبات نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ کفالت یتامیٰ منصوبے کی توسیع، معیار تعلیم کی بہتری اور دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے رواں سال اپریل میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جائے گی تاکہ اس سال 250 بچوں کی کفالت کا انتظام کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور مستحق افراد کو اپنے پائوںپر کھڑا کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لئے یہ تمام کام مخیر اور اہل درد حضرات کے مالی تعاون سے بھی انجام پاتے ہیں اس لئے ہم امید رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے وہ الخدمت سے مالی تعاون میں مزید وسعت پیدا کریں گے تاکہ بڑھتی ہوئی کافی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات