پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

گلگت اور کشمیر کی سرحد پر واقع سیاچن کا علاقہ ملک کی سب سے سرد ترین جگہ قرار

muhammad ali محمد علی بدھ 30 جنوری 2019 00:12

پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جنوری2019ء) پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، گلگت اور کشمیر کی سرحد پر واقع سیاچن کا علاقہ ملک کی سب سے سرد ترین جگہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ جبکہ شمالی علاقہ جات میں خون جما دینے والی سردی نے معمولات زندگی کو مکمل طور پر ٹھپ کرکے رکھ دیا ہے۔

پاکستان کا ایک علاقہ وہ ہے جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ گلگت اور کشمیر کی سرحد پر واقع سیاچن کا علاقہ ملک کی سب سے سرد ترین جگہ قرار دے دیا گیا ہے۔ سیاچن کے مقام پر درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ تاہم اس خون جما دینے والی سردی کے باجود پاک فوج کے جوان سیاچن کے محاذ پر ملک کی حفاظت کیلئے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ آج بدھ کے روز بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیرآباد، سبی ڈویژن، سندھ کے علاقوںسکھر، لاڑکانہ، شہید بینظرآباد، حیدرآباد، کراچی ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کے دوران زیریں خیبرپختونخواہ کے بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعرات کی رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ہ کے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان،کوہاٹ ڈویژن، بالائی پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر تیز بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس دوران مالاکنڈ ڈویژن سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر ، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات،گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برف باری کا امکان ہے ۔منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات و صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند پڑی رہی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم مکران ڈویژن میں ہلکی بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش بلوچستان جیوانی میں 4 اور اوڑمارا میں2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ اور موسم سرد و خشک رہا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت فیصل آباد میں 6 ، ملتان میں 7 ، سرگودھا میں 2 جبکہ مری میں درجہ حرارت 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔