ٹام موڈی نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوران ملتان سلطانز کی کوچنگ سے معذرت کرلی

ستمبر میں ٹام موڈی نے کوچنگ کرنے سے معذرت کی تھی جس کے بعد بوتھا کو کوچ مقرر کیا گیا ہے، منیجر کرکٹ آپریشنز حیدر اظہر

بدھ 30 جنوری 2019 15:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2019ء) آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ٹام موڈی نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوران ملتان سلطانز کی کوچنگ سے معذرت کرلی ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت موڈی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کوچنگ کررہے ہیں، اس سال وہ کیریبین لیگ میں بھی کوچنگ کرتے رہے ہیں لیکن ٹام موڈی نے پی ایس ایل میں کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان نے موڈی کی جگہ جنوبی افریقا کے یوہان بوتھا کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ پشاور زلمی کے اسٹنٹ کوچ عبدالرحمٰن بھی ملتان سلطانز کی کوچنگ کریں گے۔ملتان سلطانز کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز حیدر اظہر کے مطابق ستمبر میں ٹام موڈی نے کوچنگ کرنے سے معذرت کی تھی جس کے بعد بوتھا کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز کی نئی انتظامیہ نے ٹیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے تاہم ٹام موڈی کا نہ ہونا یقینی طور پر ٹیم کیلئے دھچکہ ہے۔

ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کریں گے جبکہ شاہد خان آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ پہلے ہی ان فٹ ہوکر ملتان کو الوادع کہہ چکے ہیں اور ان کی جگہ ویسٹ انڈین آندرے رسل کو ملتان کی ٹیم میں لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 53 سالہ ٹام موڈی نے گزشتہ سال ڈائریکٹر وسیم اکرم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، وسیم اکرم کراچی کنگز میں چلے گئے ہیں۔