ارفع کریم کی 24ویں سالگرہپرسوں منائی جائیگی

بدھ 30 جنوری 2019 16:03

ارفع کریم کی 24ویں سالگرہپرسوں منائی جائیگی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، فاطمہ جناح گولڈ میڈل ، سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ کااعزاز پانے والی دنیا کی سب سے کمر عمر ترین آئی ٹی ماہر اور مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کی24ویں سالگرہ 2 فروری بروزہفتہ کو انتہائی منائی جائے گی ۔ ارفع کریم 2 فروری 1995ء کو چک 4 ج ب رام دیوالی (ارفع کریم نگر) فیصل آباد میں پیدا ہو ئیں ۔

انہوں نے 9 سال کی عمر میں دنیا کی سب سے کمر عمر مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز حاصل کیا ۔وہ لاہور گرامر سکول میں اے لیول سال اول کی طالبہ تھیںجنہیں 22 دسمبر 2011ء کو اچانک مرگی اور اس کے ساتھ ہی دل کا شدید دورہ پڑا اور وہ کئی روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 14جنوری 2012ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملیں۔

(جاری ہے)

مرحومہ و مغفورہ ارفع کریم کے والد محترم کرنل (ر) امجد کریم رندھاوا نے بتایا کہ انہوںنے اپنی بیٹی کی آئی ٹی کے شعبہ میں حیران کن صلاحیتیں دیکھتے ہوئے اپنی فوج کی ملازمت سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ حاصل کی اور ارفع کے سیکرٹری کی حیثیت سے اس کے ساتھ فرائض کی سر انجام دہی اور اندرون و بیرون ملک سفر کاسلسلہ شروع کیا نیز ارفع کی غیر معمولی دماغی صلاحیت کے باعث اس نے صرف چھ سال کی عمر میں فیض احمد فیض کا شاعری مجموعہ ’’نسخہ ہائے وفا‘‘پڑھ لیا اور اقبالیات پر عبورحاصل کرلیا تھاجبکہ اسے پیدائشی طور پر موسیقی سے لگائوتھا اور وہ اپنے لوگوں کی تہذیب ، ثقافت ، زبان سے بے حد لگائو رکھتی تھی۔

انہوںنے کہاکہ ارفع کریم کی والدہ تعلیمی ادارہ میں تدریسی خدمات انجام دے رہی تھیں انہوں نے بھی اپنی بیٹی کی خداداد صلاحیتوں اور اسکی آئی ٹی میں مہارت دیکھتے ہوئے اپنی ملازمت کو خیر باد کہہ دیا۔انہوںنے بتایاکہ ارفع کریم کی وفات پر آئی ٹی کے عالمی ماہر بل گیٹس نے کہا کہ ’’میری شہزادی کھو گئی آج میری زندگی کا سیاہ ترین دن ہے ۔

یہ ارفع کریم کو بہت بڑا خراج تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ارفع کریم کو یہ یقین تھا کہ آج بھی اگر فضا ئے بدر پیدا کی جائے تو فرشتے مدد کو اتر سکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ فیصل آبادکے گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروںکی گلیوں میںان کا بچپن گزرا اور وہ پریس کلب و ضلع کونسل کے سبزہ زار میں کھیلتی رہی ۔ انہوںنے ارفع کریم کا مشن جاری رکھنے اور قوم کے بچوں میں صلاحیتوں کواجاگر کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کابھی اعلان کیا۔