ْقبائلی نوجوانوں کے بہتر مستقبل،تعلیم اور روزگار کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،شاہ فرمان

ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سب ڈویژنل سطح پر بننے والے قومی جرگوں میں بھی نوجوانوں کونمائند گی دی جائے گی،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 30 جنوری 2019 19:35

ْقبائلی نوجوانوں کے بہتر مستقبل،تعلیم اور روزگار کیلئے اقدامات اٹھائے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2019ء) گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی نوجوانوں کے بہتر مستقبل،تعلیم اور روزگار کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سب ڈویژنل سطح پر بننے والے قومی جرگوں میں بھی نوجوانوں کونمائند گی دی جائے گی۔ اس سے نہ صرف قبائلی روایات کے مطابق تنازعات کے حل میں مدد حاصل ہوگی بلکہ مذکورہ جرگے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی اقدامات کی نگرانی بھی کریں گے تاکہ فنڈ زکے شفاف استعمال اورترقیاتی منصوبوں کے اعلی معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے ایک نمائندہ جرگے سے ملاقات کے دوران کی۔ گورنرخیبرپختونخواکاکہناتھاکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں قبائلی علاقوں کے کوٹہ کویقینی بنانے اور اس میں اضافے پرعمل درآمد کیلئے اعلی سطح کی مشاورت جاری ہے جس کے نتائج جلدسامنے آجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے مزید کہاکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے صوبائی بجٹ میں حصہ کے ساتھ ساتھ وفاق سے ایک سو ارب روپے سالانہ کے فنڈز کے درست استعمال سے قبائلی علاقوں میں ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگااور یہ علاقے بہت جلد ترقی کے قومی دھارے میں باقی ملک کے برابرآجائیں گے۔

اس موقع پر ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے جرگہ نے گورنرخیبرپختونخوا کو قبائلی علاقوں میں نوجوان طبقہ کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہو ں نے کہاکہ قبائلی نوجوان ملک کے دیگرنوجوان طبقہ کی طرح ہماراسرمایہ ہیں اور قبائلی علاقوں کی ترقی وخوشحالی میں قبائلی نوجوانوں کی سوچ اوررائے کا بھی احترام کیاجائیگا۔