پی ایس ایل3 میں شاہین آفریدی نے لاہور قلندر کوپیسے واپس کرنیکی آفر دی :معروف صحافی کا انکشاف

پچھلے سال اپنی بری کارکردگی پر پیسے واپس دینے کی پیشکش کرنے والا آج میچ ونر باﺅلر بن گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 31 جنوری 2019 14:30

پی ایس ایل3 میں شاہین آفریدی نے لاہور قلندر کوپیسے واپس کرنیکی آفر دی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31 جنوری2019ء) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کی تیاریاں عروج پر ہیں اور میدان سجنے میں بس کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں اور ٹیموں نے بھی تیاری پکڑ لی ہے ، اس بار افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار ” پٹ بل “ آ رہے ہیں جو اپنی آواز کا جادو چلائیں گے جبکہ لیگ کے آغاز سے قبل گزشتہ سال کی یادگار ویڈیو ز بھی شیئرکی جارہی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے شروع ہونے کے دن قریب آتے ہی سوشل میڈیا پر اس کی گفتگو شروع ہو گئی ہے اور گزشتہ سیزن کی ویڈیوز بھی شیئر کی جارہی ہیں تاہم اسی منظر کو سامنے رکھتے ہوئے ایک معروف سپورٹس صحافی نے بھی ایک ویڈیو شیئرکی جو کہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر وائرل رہی۔یہ ویڈیو دراصل ان لمحات کی ہے جب شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو بولڈ کیا اور پچ پر دوڑتے ہوئے جشن منانے لگے لیکن عین موقع پر انہوں نے سینئر کھلاڑی کے احترام میں جشن منانے کا فیصلہ ترک کر دیا اور اپنے سر کو ہلاتے ہوئے آگے چلے گئے۔

(جاری ہے)

شاہین شاہ آفریدی کے اس اقدام پر سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں خوب سراہا گیا اور یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بے پناہ پسند کی گئی اور ان صحافی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ” شاہین آفریدی بہت ہی عاجز اور سادہ انسان ہیں ، جس وقت وہ شروعات میں اچھی پرفارمنس دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے تو وہ لاہور قلندر کی انتظامیہ کے پاس گئے اور کہا کہ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہا ہوں اس لیے میں آپ کو تمام رقم واپس کرنا چاہتا ہوں۔ لاہور قلندرز کی انتظامیہ اور کپتان برینڈن میکولم نے شاہین شاہ آفریدی کو حوصلہ دیا اور اس کے بعد انہوں نے کارکردگی دکھائی“۔