حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے ، غریب عوام کا کباڑہ کر دیا گیا ہے ، ممنو ن حسین

آج جتنی مہنگائی ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی ، اللہ تعالی پاکستان کی حالت پر رحم کرے ، سابق صدر مملکت نواز شریف کو ضرور انصاف ملے گا،جلد جیل سے باہر ہوں گے ،بطور صدر تعلیم کیلئے بہت کام کیا لیکن کبھی تشہیر نہیں کی ،موجودہ صدر کیا کررہے ہیں میڈیا والوں کو پتہ ہوگا،گفتگو

جمعرات 31 جنوری 2019 20:19

حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے ، غریب عوام کا کباڑہ کر دیا گیا ہے ، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2019ء) سابق صدر مملکت و مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما ممنو ن حسین نے کہا ہے کہ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے اور غریب عوام کا کباڑہ کر دیا گیا ہے ،اس وقت ملک کے حالات دگر گوں ہیں اللہ تعالی پاکستان کی حالت پر رحم کرے ، نواز شریف کو اللہ تعالی کی طرف سے انصاف ملے گا اور وہ جلد جیل سے باہر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ(ن)کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ممنون حسین نے کہا کہ پورا ملک نواز شریف سے اپنی محبت اورعقیدت کا اظہار کررہا ہے ،ان کی صحت اتنی اچھی نہیں ہے او رانہیں علاج معالجے کی مکمل سہولیات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور صدر مملکت دن رات کام کرتا تھا ،تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہت کام کیا ،ریاست کی ترقی کے لیے کام کیا کرتا تھا لیکن کبھی اپنی تصویر بنوائی اور نہ کبھی اپنی تشہیر کی۔

(جاری ہے)

موجودہ صدر اپنی تشہیر کرتے ہیں یا نہیں اس کے بارے میں میڈیا والوں کو معلوم ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں چلا رہے ، آج جتنی مہنگائی ہوئی ہے اس سے پہلے کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی ، انہیں چاہیے کہ سب سے پہلے معیشت کو ٹھیک کریں۔ حکومت نے غریب کا کباڑہ کر دیا ہے اور وہ پریشان ہے ، غریب کیلئے کام کریں اور اسے پریشانی سے باہر نکالیں ،حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگوں بیروز گار ہو گئے ہیں، ملک کے حالات دگر گوں ہیں اللہ تعالی پاکستان کے حال پر رحم کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تو دعا ہے کہ نواز شریف آج ہی جیل سے باہر آ جائیں لیکن اللہ تعالی کی طرف سے نواز شریف کو انصاف ملے گا اور وہ جلد جیل سے باہر آئیں گے۔