حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور مزاحمتی تحریک کے دوسرے قائدین کو لندن کشمیر سمینار میں شرکت سے روکنے کے لئے پاسپورٹ اور دوسری سفری دستاویزات ضبط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 31 جنوری 2019 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کی طرف سے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور مزاحمتی تحریک کے دوسرے قائدین کو لندن کشمیر سمینار میں شرکت سے روکنے کے لئے پاسپورٹ اور دوسری سفری دستاویزات ضبط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا بھارتی حکومت کے منفی ہتھکنڈے مقبوضہ کشمیر میں جاری حریت اور آزادی کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتے۔

جمعرات کے روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند قیادت کو جیلوں میں بند کر کے اور ان کی نقل و حرکت کو محدود کر کے کشمیریوں کو آزادی اور حق خودارادیت کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں مزاحمتی تحریک کے قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، جناب یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور دیگر قائدین کی قربانیوں اور آزادی کے لئے بے مثال عزم و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ان قائدین اور لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر میں صبح آزادی طلوع ہو گی۔

مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں کشمیری قائدین اور سیاسی کارکنوں کے ساتھ نارواسلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے جناب سید شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی تمام سیاسی اسیران کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں سیاسی بنیادوں پر گرفتار کئے گئے سینکڑوں قائدین اور حریت پسند کارکنوں کو کئی سال سے عدالتوں میں پیش ہو کر اپنا قانونی دفاع کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے اور سینکڑوں ایسے سیاسی کارکن ہیں جنہیں مقدمہ چلائے بغیر سالہا سال سے جیلوں اور عقوبت خانوں میں رکھا گیا ہے جو انسانی حقوق اور مسلمہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

صدر آزادکشمیر نے سوپور، بارہمولہ اور سرینگر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی طرف سے محاصروں اور گھر گھر تلاشی کے دوران درجنوں پر امن سیاسی کارکنوں کی گرفتاری پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے یہ آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے آزاد جموں وکشمیر کے عوام اور تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری اور خود بھارت کی حکومت کو واضح اور دوٹوک پیغام دینے کے لئے گزشتہ سالوں کی طرح اسی سال بھی پانچ فروری کو یوم یکجہتی بھرپور قومی اور ملی جوش و جذبے سے منا کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کریں۔راٹھور