ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے ،پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی جدو جہد کیساتھ کھڑا رہا ،آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہیگا ،چودھری فواد حسین

کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پر عزم ہے، پاکستان کی محبت کشمیر کیلئے دن بدن بڑھ رہی ہے،وزیر اطلاعات کا ایوان قائد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب

جمعہ 1 فروری 2019 18:05

ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے ،پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2019ء) وزیراطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہاہے کہ کشمیر میں نسل در نسل جدو جہد آزادی چل رہی ہے ،ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے ،پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی جدو جہد کیساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہیگا ،کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پر عزم ہے، پاکستان کی محبت کشمیر کیلئے دن بدن بڑھ رہی ہے۔

جمعہ کو ایف نائن پارک ایوان قائد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا کہ کشمیر میں نسل در نسل جدو جہد آزادی چل رہی ہے ،ہم بھی نسل در نسل کشمیریوں کیساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کشمیریوں سے خون کا رشتہ ہے،پاکستانیوں نے کشمیر کیلئے تین جنگیں لڑی ہیں،یہ تعلق زمین کا نہیں روح کا ہے،ہمارا لہو کشمیریوں کیساتھ بہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کے نزدیک ایک دہشت گردی کا مسئلہ ہے لیکن ہمارے نزدیک انسانی آزادی کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قیادت چاہے وہ آزاد کشمیر کی ہو یا مقبوضہ کشمیر کی، وہ سب کہتے ہیں کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی محبت کشمیر کیلئے دن بدن بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ہم بھارت کیساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں ،لیکن بھارت کی اپروچ غلط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بہت ظلم کر رہا ہے اور یہ ظلم بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی رویئے کی دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیا سمجھتا ہے کہ اس کے کشمیر پر مظالم دنیا سے چھپ جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمر فاروق اور محبوبہ مفتی بھی کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کشمیر یوں کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم پھر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں امن ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ماضی میں بھی کشمیریوں کی جدو جہد کیساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑا رہیگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پر عزم ہے۔تقریب سے صدر آزاد کشمیر سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ میر واعظ عمر فاروق کا ویڈیو پیغام بھی تقریب میں دکھایا گیا۔