Live Updates

خیبرپختونخواحکومت کے ترجمان اجمل وزیر سے اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

ڈبلیو ایف پی نے شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت چھ ضم شدہ اضلاع ایک ایف آرریجن بنوں اور صوبے کے دیگراضلاع میں گزشتہ ایک سال کے دوران گیارہ لاکھ متاثرین کی مدد کی اور اس دوران ان میں 59 کروڑ 80 لاکھ روپے نقد امداد تقسیم کی گئی

جمعہ 1 فروری 2019 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2019ء) اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کی ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر نے ادارے کے صوبائی دفتر کے ذ مہ داران کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ضم شدہ اضلاع کے لئے وزیر اعلیٰ کے مشیر اور صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر سے ملاقات کی انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوااور خاص طور پرضم شدہ اضلا ع میں ورلڈ فوڈ پروگرام(WEP) کے جاری سرگرمیوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کے مشیر کو تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی نے شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت چھ ضم شدہ اضلاع ایک ایف آرریجن بنوں اور صوبے کے دیگراضلاع میں گزشتہ ایک سال کے دوران گیارہ لاکھ متاثرین کی مدد کی اور اس دوران ان میں 59 کروڑ 80 لاکھ روپے نقد امداد تقسیم کی گئی۔

اس حوالے سے ڈبلیو ایف پی اور خیبر پختونخوا حکومت کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر پہلے دستخط کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے وزیر اعلیٰ کے مشیر اور صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر نے کہا کہ عالمی ادارہ خوراک نے ہر آڑے وقت میں متاثرین کی مدد کی ہے اور ہم اس حوالے سے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کی ستر سالہ محرومیوں کے ازالے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق قلیل و طویل المدتی منصوبے بنائے گئے ہیں جن پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ضم شدہ ضلع خیبر میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بلایا گیا جس میں مقامی مسائل کے حل کے سلسلے میںاہم فیصلے کئے گئے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بکاخیل کیمپ میں رہائش پذیر آئی ڈی پی پیز کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام کو بھی وہاں جاکر متاثرین کے مسائل کا جائزہ لینا چاہیے انہوں نے کہاکہ متاثرہ اضلاع کے عوام نے امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں حکومت متاثرین کی بحالی اور اب ان کو با عزت روزگار کی فراہمی سمیت ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے اور اس حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔

ڈبلیو ایف پی کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر مس کیتھرین نے صوبائی مشیر کو یقین دلایا کہ ان کا ادارہ ضم شدہ اضلاع کے متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے ادارے کے ساتھ صوبائی حکومت کے مختلف اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات