تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر مہم کا آغاز کر دیا گیا

لاہور سمیت ملک بھر میں ضلعی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں، کانفرنسوں اور سیمینارزکا انعقاد کیا جائے گا

جمعہ 1 فروری 2019 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2019ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ضلعی سطح پر کشمیر کارواں، جلسوں، کانفرنسوں اور سیمینارزکا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں پانچ فروری کو لاہور میں استنبول چوک سے اسمبلی ہال چوک مال روڈ تک بڑی کشمیر ریلی نکالی جائے گی جس میںتمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔

چاروں صوبوں وآزاد کشمیر میں ہونے والی کانفرنسوں اور یلیوں سے قومی سیاسی، مذہبی و کشمیری قائدین خطاب کریں گے۔تحریک آزادی جموں کشمیر کی طرف سے مختلف شہروں وعلاقوں میں کیمپ لگا کر خصوصی طور پر تیارکردہ ڈاکومینٹری دکھائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر بھی زبردست مہم چلائی جارہی ہے۔ تحریک آزادی جموں کشمیر کے رہنما ابوالہاشم ربانی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔

پاکستانی عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ پروگراموں میں بھر پور انداز سے شریک ہوں‘ تا کہ دنیا کو پیغام دیا جا سکے کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کوکسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا ۔ کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔

مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔پاکستانی قوم کشمیری حریت پسند قیادت اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان انڈیاکے ساتھ کسی صورت رہنے کو تیار نہیں ہیں۔بھارت کی ریاستی دہشت گردی پربین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوناک ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں جلد ان شاء اللہ رنگ لانے والی ہیں۔ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔