جینیاتی تبدیلی کے بعد مرغیاں اینٹی کینسر پروٹین والے انڈے دینے لگیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 11:54

ایڈن برگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء): جینیاتی تبدیلی کے بعد مُرغیاں اینٹی کینسر انڈے دینے لگیں ۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ماہرین نے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ مُرغیوں سے ایسے انڈے حاصل کرنے میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے جن میں دو عدد پروٹین موجود ہیں جو ہمیں کینسر سمیت کئی امراض سے بچا سکتے ہیں۔ عام طور پر ادویاتی پروٹین حاصل کرنے کیلئے جو طریقہ رائج ہے وہ بہت مہنگا اور مشکل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈنبرا کے روزلین انسٹی ٹیوٹ میں مرغیوں کو جینیاتی تبدیلی سے گزارا گیا اور اب جینیاتی تبدیلیوں سے گزاری جانے والی ایسی تمام مُرغیاں ایسے انڈے دے رہی ہیں جن میں اینٹی وائرل، انٹی کینسر اثرات والا اور میکروفیج سی ایس ایف پروٹین پایا جاتا ہے۔ یہاں اہم بات یہ ہے کہ ایسے انڈوں کی سفیدی سے پروٹین نکالنے کا طریقہ نہایت سادہ ہے ورنہ دیگر طریقوں میں یہ بہت وقت طلب عمل ہوتا ہے۔ مرغیاں عام انداز سے انڈے دیتی ہیں جبکہ صرف تین انڈوں کی سفیدی سے پروٹین کی خاطرخواہ مقدار حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل ماہرین جینیاتی طور پر تبدیل شدہ بکریوں اور خرگوشوں سے انسانی ضرورت کے معالجاتی پروٹین حاصل کرتے رہے ہیں تاہم مرغیوں والا طریقہ ان میں سب سے مؤثر اور سادہ ہے۔