ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرصدارت سعودی عرب کی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس

مقامی سطح پر ملٹری سازو سامان بنانے میں معاونت کرنے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ فروری 13:17

ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرصدارت سعودی عرب کی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 فروری۔2019ء) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ملک کی دفاعی کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں مقامی سطح پر ملٹری سازو سامان بنانے میں معاونت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا. تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی دفاعی کونسل کا پہلا اجلاس دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا ، جس میں وزارتِ دفاع کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے.

اجلاس کی صدارت شہزادہ محمد بن سلمان نے کی ، جو اس وقت مملکت میں انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں. اجلاس میں کونسل کے کردار اور اس کے اہداف کا جائزہ لیا گیا‘ کونسل کے قیام کا مقصد وزارتِ دفاع کے اسٹریٹجک معاملات کی نگرانی اور ان میں رہنمائی فراہم کرنا ہے.

(جاری ہے)

اس میٹنگ میں وزارت کی بنیادی گورننس کونسلز کو فعال کیا گیا جن کے زیر اہتمام پراجیکٹ ریویو اور انویسٹ منٹ بورڈ، کونسل اور آف سروسز اینڈ بزنس، اپوائنٹمنٹ بورڈ اور مشترکہ ملٹری کونسل جیسے معاملات آتے ہیں.

نئی گورننس کونسلز کے قیام کا مقصد وزارت دفاع کے فیصلہ سازی کے میکنزم کو بہتربنانا، ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر کارکردگی میں بہتر لانا اور بہتر انداز میں پیسے خرچ کرنا ہے. دفاعی کونسل کے قیام کا ایک اہم مقصد دفاعی ساز و سامان اور اسلحے کو اپ ڈیٹ کرنا اور مقامی سطح پر ملٹری ساز و سامان کی تیاری میں مدد فراہم کرنا بھی ہے. کونسل میں وزیر دفاع کے معاون، چیف آف سٹاف، وزیر دفاع کے معاون برائے ا±مور نفاذ، چیف آف جوائنٹ فورسز، وزارت دفاع کے سیکرٹری برائے تزویراتی امور، وزارت دفاع کے سیکرٹری برائے خریداری و عسکری سامان اور انٹرنل آڈٹ کے ڈائریکٹر جنرل شامل ہیں.

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق اجلاس کے دوران دفاعی کمیٹی کے کردار اور ذمے داریوں کا جائزہ لیا گیا. یہ کونسل وزارت دفاع کے تمام تزویراتی شعبوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرنے کی ذمے دار ہے‘ ان میں مرکزی تزویراتی فیصلے کرنا اور مرکزی شعبوں کی سطح پر وزارت دفاع کی کارکردگی کا جائزہ لینا شامل ہے. اجلاس میں وزارت دفاع کی مرکزی گورننگ کونسلوں کو فعال بنانے پر اتفاق رائے ہوا. نئی گورننس کا مقصد فیصلوں کے میکانزم کو بہتر بنانا اور وزارت کو ادارتی عمل کی جانب منتقل کرنا ہے‘قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزارت دفاع کی گورننگ کونسلز وزارت کے ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کے ضمن میں آتی ہیں.