نوازشریف طبی معائنے کیلئے سروسز ہسپتال منتقل

سابق وزیراعظم نوازشریف کے شوگر، بلڈ پریشر، گردوں اور دیگر ٹیسٹ کیے جائیں گے، پارٹی کارکنان کے نعرے، کبوتروں کو آزاد کرکے پارٹی قائد سے اظہار یکجہتی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 فروری 2019 16:21

نوازشریف طبی معائنے کیلئے سروسز ہسپتال منتقل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کو طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہسپتال میں نوازشریف کے شوگر ، بلڈ پریشر، گردوں اور دیگر ٹیسٹ کیے جائیں گے، پارٹی کارکنان نے جیل کے باہر نوازشریف کے حق میں نعرے لگائے اور کبوتروں کو آزاد کرکے اظہار یکجہتی بھی کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق گزشتہ دنوں سے خبریں زیرگردش تھیں کہ انہیں صحت سے متعلق شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

نوازشریف دل کے عارضے میں مبتلا ہیں ان کا لندن میں بائی پاس بھی ہوچکا ہے۔ تاہم ن لیگی قیادت کے اصرار پر آج سابق وزیراعظم نوازشریف کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال کیلئے منتقل کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر جیل کے باہر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہوگی ۔

(جاری ہے)

کارکنان نے نعرے لگائے اور کبوتروں کو بھی آزاد کیا۔بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کے سروسز ہسپتال میں شوگر ، بلڈ پریشر، گردوں اور دیگر ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

نوازشریف کو وی وی آئی پی روم میں مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔وی وی آئی پی بلاک کے پاس غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا۔سروسز ہسپتال میں 3 رکنی میڈیکل بورڈ نوازشریف کا معائنہ کرے گا۔ دوسری جانب سروسز ہسپتال کے باہر ن لیگی کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، کارکنان نوازشریف کی رہائی کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں۔ جبکہ کارکنان نوازشریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں بھی کررہے ہیں۔

جب نوازشریف کی گاڑی کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال کیلئے روانہ ہوئی تو کارکنان نے کبوتروں کو آزاد کرکے اپنے پارٹی قائد سے اظہار یکجہتی کیا۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی جیل سے ہسپتال منتقلی پر ان کی صاحبزادی مریم نوازنے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔