نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے، شاہد خاقان عباسی

حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا ہے ،ان سے کوئی خیر کی توقع نہیں،حکومت کو حج پر سبسڈی دینی چاہیے ،سابق وزیر اعظم

ہفتہ 2 فروری 2019 17:11

نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے، شاہد خاقان عباسی
ْملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے۔میڈیا سے گفتگو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ تمام جماعتوں کے منشور میں ہے، فخر ہے جو کام جنوبی پنجاب میں ن لیگ نے کئے وہ کسی نے نہیں کیے، ہم نے صوبہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے لیے اسمبلی میں قراردادیں پیش کیں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے اندر ترقی کی رفتار رک گئی ہے، موجودہ حکومت کو چاہیے کہ ترقی کے کاموں کو آگے لے کر چلے، حکومت نے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ کیا ہے اس لیے ان سے کوئی خیر کی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جو حاجی جائے گے وہ 63 فیصد زیادہ پیسے دیں گے، حکومت کو حج پر سبسڈی دینی چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی این آراو مانگا نہ کبھی مانگیں گے اور نوازشریف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور نواز شریف پر کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا جب کہ 3 میڈیکل بورڈز کی رپورٹ پرنوازشریف کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ شیخ رشید کے بیانات کو اہمیت نہیں دیتا۔