وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،

ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیاگیا کمپنی کی کشتیوں کوسیاحت کے فروغ کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت، ماضی میںقومی وسائل کابے دریغ ضیاع کیا گیا قومی وسائل کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے، ہم قومی وسائل کے امین ہیں ،ایک ایک پائی عوام کی فلاح پر خرچ ہوگی‘عثمان بزدار

ہفتہ 2 فروری 2019 18:52

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کمپنی کی کشتیوں کوسیاحت کے فروغ کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے دیگراثاثے اورعمارت بھی محکمہ سیاحت اور محکمہ آبپاشی کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔یہ کمیٹی کمپنی کے اثاثوں کی دیگر محکموں کو منتقلی کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔انہوںنے کہا کہ عمارت کو ریسٹ ہاؤس بنا کر سیاحت کے فروغ کیلئے استعمال میں لایا جائے کیونکہ میانوالی کے علاقے داؤد خیل میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میںقومی وسائل کابے دریغ ضیاع کیا گیالیکن ہم قومی وسائل کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیںگے۔

ہم قومی وسائل کے امین ہیں اورایک ایک پائی عوام کی فلاح پر خرچ ہوگی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کو کمپنی کے امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز آبپاشی، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔