دنیا کے ہر خطے میں اسلامی خطاطی و نقاشی اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں ‘فیاض الحسن چوہان

فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘وزیر اطلاعات و ثقافت

ہفتہ 2 فروری 2019 18:58

دنیا کے ہر خطے میں اسلامی خطاطی و نقاشی اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں ‘فیاض ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ فن خطاطی کو اسلامی دنیا میںجو مقام حاصل ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ،دنیا کے ہر خطے میں اسلامی خطاطی و نقاشی اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں ، اسلام میں علم اور قلم کی اہمیت اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ؐ پر پہلی وحی میں ہی علم اور قلم کو اللہ تعالیٰ نے موضوع بنایا، فنِ خطاطی کے فروغ کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور لاہور میوزیم کو نقاشی اور خطاطی کے فروغ کی اس کاوش پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،میں بطور وزیر محکمہ اطلاعات و ثقافت چاہتا ہوں کہ ایران کے ساتھ ہم فن ، ثقافت اور میڈیا کے حوالے سے ایکسچینج پروگرامز کا انعقاد کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے لاہور میوزیم میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور لاہور میوزیم کے اشتراک سے خطاطی اور نقاشی کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری ، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران علی اکبر رضائی او ر ڈائریکٹر لاہور میوزیم سمیت شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق میڈیکل رپورٹ ملی ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت سابق وزیراعظم کے لیے تین میڈیکل بورڈ بنائے گئے۔ نواز شریف کو سروسز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سروسز اسپتال پہ اعتراض اٹھا رہے ہیں۔ سروسز اسپتال میں نواز شریف کے تمام ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

پی آئی سی سروسز کے بالکل ساتھ ہے، ضرورت پڑنے پر انہیں وہاں منتقل کیا جا سکتا ہے ۔مریم نواز اور آل شریف پروپیگنڈہ کر رہے تھے کہ نواز شریف سے بہتر سلوک نہیں کیا جا رہا۔نواز شریف کو کھانے پینے اور ملنے جلنے سمیت تمام سہولتیں دی گئی۔پنجاب حکومت نے ایک فیصد بھی تعصب کا مظاہرہ نہیں کیا۔سروسز اسپتال میں نواز شریف کے تمام ٹیسٹ کروائیں جائیں گے۔

نواز شریف کو رو بصحت ہونے پر دوبارہ جیل منتقل کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لاہور عجائب گھر نے کہا کہ فن خطاطی و نقاشی میں عبور حاصل کرناماضی میں بادشاہوں سے لیکر عام آدمی کا خاصہ رہا ہے اور اس پر عبور حاصل کرنے کے لیے ادیارغیر میں بھی جانا پڑتا تو وہ بخوشی جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ دورِ حاضرمیں ٹیکنالوجی نے آج جہاں نئی جہتیں متعارف کروائی ہیں ان کے ساتھ ساتھ خطاطی و نقاشی جیسے تاریخی اور عظیم فن سے بھی دوری کا باعث بن رہی ہے ۔

ڈائریکٹر نے کہا کہ آج قلم کی جگہ کمپیوٹر نے لے لی ہے جس کی وجہ سے فن خطاطی کی طرف توجہ کم ہوگئی ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران ، لاہور محمد رضا ناظری نے لاہور عجائب گھر انتظامیہ کو مختصر نوٹس پر شاندار انتظامات کے ساتھ خطاطی کی نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور عجائب گھر جہاں ہزاروں سا ل تاریخی تہذیبوں کے نوادرات کا امین ہے وہا ں اس کے خزانوںمیں خطاطی کے سینکڑوں سال پرانے اور انتہائی دیدہ زیب فن پارے بھی موجود ہیں-