اٹھارویں ترمیم کی واپسی کے خطرناک نتائج نکلیںگے‘لیاقت بلوچ

پارلیمنٹ کو قومی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کی بجائے اکھاڑہ بنانا افسوس ہے

ہفتہ 2 فروری 2019 20:16

اٹھارویں ترمیم کی واپسی کے خطرناک نتائج نکلیںگے‘لیاقت بلوچ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کی واپسی کے خطرناک نتائج نکلیں گے، پارلیمنٹ کو قومی مفاد اور عوامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کی بجائے اکھاڑہ بنانا افسوس ناک اور جمہوریت کے دعویدار وں کیلئے لمحہ فکریہ ہے،پارلیمنٹ میں تا حال کوئی قانون سازی اور نہ ہی قومی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، بعض حکومتی وزراء جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورے پرکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بد قسمتی سے سیاست کو عبادت کی بجائے گالی اور اقتدار کو عوام کی خدمت کے بجائے اپنی آف شور کمپنیاں اور لوٹ مار کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سیاست کمزور جبکہ جمہوریت، حکومت اور یہاں تک کہ نظریاتی بیانیہ پر بھی طاقتور قوتیں قابض ہو چکی ہیں۔

سیاست میں کرپشن اور خرید و فروخت کے عنصر نے سیاست کو بدنام اور اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ ملک میں معاشی بحران تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ ادھار پر تیل اور قرض پہلے بھی حکومتیں لیتی تھیں ۔ تبدیلی یا کشکول توڑنے کے دعوے سے ثابت ہو گیا کہ دیانتدار اور مخلص قیادت ہی ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں جس کیلئے جماعت اسلامی کوشاں ہے ۔