وزیراعلیٰ بلوچستان کا ایوب سٹیڈیم کا دورہ

اپریل میں ہونے والے نیشنل گیمز کے سلسلے میں تعمیراتی کام کا جائزہ ،تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ہدایت

ہفتہ 2 فروری 2019 21:43

وزیراعلیٰ بلوچستان کا ایوب سٹیڈیم کا دورہ
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہفتہ کے روز ایوب اسٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپریل میں ہونے والے نیشنل گیمز کے سلسلے میں ہونے والے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، صوبائی وزیر میرنصیب اللہ مری، مشیر کھیل وثقافت عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر بلال کاکڑ اور سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو اکبر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں فٹبال گراؤنڈ، مگسی بیڈمنٹن ہال، ہاکی گراؤنڈ، یوتھ ہاسٹل اور زیرتعمیر سوئمنگ پول کا معائنہ کیا، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو اور متعلقہ ایکسیئن نے وزیراعلیٰ کو اسٹیڈیم میں جاری مختلف تعمیراتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے جس سے ہمارے وسائل کا ضیاع ہواور تعمیرات کا فائدہ بھی نہ ہو، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعمیرات کے دوران غفلت نہ برتی جائے کیونکہ بعض اوقات ذرا سی غلطی یا بدنیتی سے پورے ڈھانچے کو نقصان کاسامنا کرنا پڑتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں حکومت ہرممکن وسائل فراہم کرے گی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایوب اسٹیڈیم میں مختلف کھیلوں کے سلسلے میں آنے والے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے حکمت عملی وضح کی جائے اور کھلاڑیوں کیلئے باقاعدہ ممبر شپ کا نظام لایا جائے جس سے اسٹیڈیم میں بہتری آئے گی، بعد ازاں وزیراعلیٰ نے ایوب اسٹیڈیم میں کھیلنے والوں بچوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں، وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔