عالمی شہرت یافتہ ملالہ سے منسوب اسکول پر قبضہ مافیا کا راج

قبضہ مافیا نے اسکول کے بڑے حصے پر کمرشل دکانیں قائم کرلیں ،انتظامیہ غفلت کی نیند سوئی رہی۔

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 3 فروری 2019 11:14

عالمی شہرت یافتہ ملالہ سے منسوب اسکول پر قبضہ مافیا کا راج
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-3 فروری 2018ء) : عالمی شہرت یافتہ ملالہ سے منسوب اسکول پر قبضہ مافیا نے ڈیرے جما لئیے۔انتظامیہ کی غفلت کے باعث قبضہ مافیا نے اسکول کے بڑے حصے پر کمرشل دکانیں قائم کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق ملالہ دنیا بھر میں ایک بین الاقوامی شخصیت ،تعلیم کی علامت اور حقوق نسواں کی علمبرادار بن کر ابھری ہیں ۔دنیا بھر میں انکی تعلیم اور خواتین کے لیے جدو جہد کو سراہا جا رہا ہے۔

انکو اب تک نوبل انعام سمیت متعدد بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔وہ اس وقت دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کی امنگ اور ہمت بن چکی ہیں ۔ایک بین الاقوامی شخصیت کی حیثیت سے ملالہ یوسفزئی مختلف تقریبات میں شرکت کرتی رہتی ہیں اور مختلف اہم شخصیات سے ملتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک کئی ممالک نے اپنے متعدد مقامات کو ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کردیا ہے۔

پاکستان میں بھی ملالہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کراچی کا ایک سکول ان سے منسوب کر دیا گیا مگر ملالہ سے منسوب یہ سرکاری اسکول بھی قبضہ مافیا کی چنگل سے نہ بچ سکا۔اس اسکول کے بڑے حصے پر قبضہ کرکے اس پر دکانیں قائم کی جا چکی ہیں اس حوالے سے جب اسکول انتظامیہ سے پوچھا گیا تو انکا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بتایا گیا تھا کہ یہاں کینٹین بننے جارہی ہے بعد میں یہاں دکانیں قائم کر دی گئیں ۔

ایک اور کلرک نے نجی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی کوئی اس کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسکا ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے۔نجی ٹی وی نے یہ معاملہ اٹھایا تو ڈائریکٹراسکولزکراچی حامد کریم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ کہ یہ غیرقانونی کام ہے، اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔واضح ہو کہ ملالہ اسکول میں 321 بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں اور اس کو7 سال قبل 2012 میں ملالہ یوسفزئی کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔