حریت فورم کی میرواعظ اور دیگر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو نظربند کرنے کی مذمت

وادی کشمیر خاص کر سرینگر شہر کے ہر گلی کوچے پر فوج اور پولیس کے پہرے بٹھائے گئے ہیں

اتوار 3 فروری 2019 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم نے اپنے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق کی پر امن سیاسی ومذہبی سرگرمیوں پرپابندی عائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے موقع پر جس طرح پوری وادی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ہے ، اس سے قابض حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ظاہر ہورہی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حریت پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو گھر وں اور تھانوں میں نظر بند کیا گیا ہے اور وادی کشمیر خاص کر سرینگر شہر کے ہر گلی کوچے پر فوج اور پولیس کے پہرے بٹھائے گئے ہیں جبکہ لوگوں کی جامہ تلاشی اور پوچھ گچھ کرکے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب بھی کسی بھارتی رہنما کی کشمیر آمد ہوتی ہے تو پوری وادی کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے لاکھوں لوگوں کو یرغمال بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم کے دورے کے سلسلے میں جس طرح بھارتی فورسز اور پولیس حفاظتی انتظامات کے نام پر عام لوگوں کو ہراساں کررہی ہیں،شاہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حمل کو گھنٹوں تک روکا جارہا ہے،لوگوں کے موٹر سائیکل زبردستی چھینے جارہے ہیں ، عام لوگوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بیماروں کو بھی ہسپتال جانے سے روکا جارہا ہے، وہ اس بات کا عکاس ہے کہ لاکھوں فوجیوں کی موجودگی کے باوجود قابض حکمران خود کوغیر محفوظ سمجھتے ہیں اور جان بوجھ کرنہتے کشمیری عوام کو ہراساں اور پریشان کرتے ہیں۔

انہوں نے حریت رہنما مختار احمد وازہ کو گرفتار کرنے کی بھی مذمت کی ۔ ادھرمیرواعظ کی ہدایت پر پارٹی رہنمائوںمشتاق احمد، غلام قادر بیگ، پیر غلام نبی اور فاروق احمد سوداگرپر مشتمل ایک وفد سرینگر کے علاقوںحول ، شیش باغ ، خانیار اور بڑھ پورہ گیا اور عوامی مجلس عمل سے وابستہ کئی کارکنوں اور ان کے عزیروں کے انتقال پر لواحقین سے میرواعظ کی طرف سے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔

وفد نے مرحومین کی بلند درجات کی دعا کی اورایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناء سالویشن مونٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے موقع پر مراحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری اور لوگوں کو ہراساں کئے جانے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کے ایک سو سے زائد کارکنوں کو جھوٹے کیسوں میں گرفتار کیا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔