پارلیمنٹ کی پانچ ماہ کی کارکردگی مایوس کن ، اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے سے نیا بحران پیدا ہوگا، محمد حسین محنتی

سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا مکمل حصہ ملنا چاہئے،کمر توڑ مہنگائی سے لیکر حج اخراجات میں پچاس فیصد تک اضافہ حکومتی اسلام و ملک دشمن پالیسوں کی عکاسی ہے پی ٹی آئی کا سونامی تباہی کا سونامی ثابت ہوا ہے، ٹنڈوآدم میں ضلعی مجلس شوریٰ سمیت عوامی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب

اتوار 3 فروری 2019 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاکہ پارلیمنٹ کی پانچ ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے سے نیا بحران پیدا ہوگا، سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا مکمل حصہ ملنا چاہئے،کمر توڑ مہنگائی سے لیکر حج اخراجات میں پچاس فیصد تک اضافہ حکومتی اسلام و ملک دشمن پالیسوں کی عکاسی ہے، پی ٹی آئی کا سونامی تباہی کا سونامی ثابت ہوا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں ضلعی مجلس شوریٰ سمیت عوامی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی نائب امیر عظیم بلوچ، اطلاعات سکریٹری مجاہد چنا اور ضلعی امیر رفیق احمد منصوری سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھی. دریں اثنائ صوبائی امیر نے طور کالونی میں واقع حرا پبلک اسکول کا دورہ کیا، ایڈمنسٹریٹر حنیف شمس نے تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 20 فروری سے 20 مارچ تک دعوت الی اللہ مہم چلائے گی، جبکہ 31 مارچ کو سکھر میں ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا جس سے امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق خطاب کریں گے، جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے جو اصلاح معاشرہ اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے حقیقی تبدیلی اور عوام کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت میں ہے باقی تمام دعوے نعرے جھوٹے ہیں،موجودہ حکمرانوں کی سابق حکمرانوں کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کشکول لیکر قرضے حاصل کرنا اور عوام پر ہر روز مہنگائی کے ڈرون حملے کرنا ہے، گیس، بجلی، ادویات مہنگا کرنے کے بعد حج جیسے مقدس عبادت پر بھی سبسڈی ختم جبکہ سینیما کے ٹکٹ پر سبسڈی برقرار رکھنا حکمرانوں کی اسلام دشمنی اور عوام دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں گذشتہ گیارہ سالوں سے اقتدار پر قابض پیپلزپارٹی نے کراچی سے کشمور تک صوبے کو کھنڈر بنادیا ہے، لاڑکانہ ہو یا ٹنڈو آدم ہر جگہ گلیوں میں گٹر ابل رہے ہیں جبکہ عوام تعلیم، صحت سمیت تمام بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم جبکہ حکمرانوں کی دولت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔سندھ کے عوام آنے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو دیانتدار اور مخلص قیادت انکے مسائل کو حل اور دکھوں کا مداوا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، کراچی میں نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی اس خدمت کا بہترین نمونہ ہیں