کراچی، مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے،

چھت گری نہیں بلکہ گرائی گئی ہے، اہل خانہ کا موقف حکومتی مشینری یا کوئی نمائندہ تو نہ پہنچا تاہم ایدھی اور چھیپا کے رضا کاروں نے گرینڈرسے گارڈراورلوہے کے سریے کاٹ کر لاشوں کو نکالا، عینی شاہدین

پیر 4 فروری 2019 14:28

کراچی، مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2019ء) کراچی کے علاقے کورنگی نمبر2میں مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، اہل خانہ کاکہناہے کہ چھت گری نہیں بلکہ گرائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی 2نمبر کے علاقے گلگت کالونی میں دو منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔افسوس ناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور حادثے میں جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی لاشیں نکال لیں۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت60سالہ لیاقت،30 سالہ ثوبیہ اور7 سالہ ایان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ثوبیہ لیاقت کی بیٹی اور ایان لیاقت کا نواسہ بتایا جاتاہے۔واقعے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا عوام کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔عینی شاہدین کے مطابق حکومتی مشینری یا کوئی نمائندہ تو نہ پہنچا تاہم ایدھی اور چھیپا کے رضا کاروں نے گرینڈرسے گارڈراورلوہے کے سریے کاٹ کر لاشوں کو نکالا۔پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔اہل خانہ کے مطابق پھوپھی سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ گزشتہ روز ان کے خاندان کے 5 سے 6 لوگ آئے اور انہوں نے چھت پر کوئی چیز پھینکی ہے جس کے بعد حادثہ پیش آیا۔