Live Updates

نواز شریف کو طبی بنیادپر ضمانت مل جائے تو حکومتی ارکان این آر او کا شور مچانے لگتے ہیں،خورشید شاہ

شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ عمران خان کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں،رہنما پاکستان پیپلزپارٹی ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑنے کے نتائج خطرناک ہوں گے،میڈیا سے بات چیت

پیر 4 فروری 2019 17:19

نواز شریف کو طبی بنیادپر ضمانت مل جائے تو حکومتی ارکان این آر او کا ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنمااور سابق قائدحزب اختلاف سیدخورشیداحمد شاہ نے کہاہے کہ نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں ضمانت مل جائے تو حکومتی ارکان این آر او کا شور مچانے لگتے ہیں،شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ عمران خان کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں ۔

ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑنے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔دنیا میں کشمیر کا مسئلہ سب سے زیادہ پیپلز پارٹی نے ہی اٹھایا ہے۔پیرکوسکھرمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں ہیں اس لیے حکومت نہیں گرائیں گے۔پاکستان کی بہتری جمہوریت میں ہی ہے۔

(جاری ہے)

ہم صرف نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ پاکستان اس لیے تباہ ہوا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے انہیں ضمانت مل جائے گی اور اگر عدالت انہیں ریلیف دیتی ہے تو یہ ان کا حق ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جس کیس میں کچھ ہو سکتا تھا اس میں تو انہیں چھوڑ دیا گیا ہے اور جس میں کچھ ہو ہی نہیں سکتا اس میں سزا دی گئی ہے۔

شیخ رشید پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آدمی کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا ہے وہ جو کہہ رہا ہے اسے کہنے دیں۔ شیخ رشید کی کوئی حیثیت نہیں ہے وہ عمران خان کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیںمقبوضہ کشمیرکے حوالے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ دنیا میں کشمیر کا مسئلہ سب سے زیادہ پیپلز پارٹی نے ہی اٹھایا ہے۔ کشمیر پیپلزپارٹی کی سیاست کا حصہ رہا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک ہم نے کشمیر ایشو پر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت صرف کشمیر کی وجہ سے ہی بنایا تھا جب کہ آمروں نے ہمیشہ کشمیر کے معاملے کو کمزور کیا ہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم پر ہمارے اندیشے اندیشے درست ثابت ہونے لگے ہیں۔خورشید احمد شاہ نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہتے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑنے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔

خورشید احمد شاہ نے کہا کہ جی ایس ٹی، زرعی ٹیکس وصولی اور جائیدادوں کی قیمت کے تعین جیسے صوبائی اختیارات واپس نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نان ایشو کو ایشو بنا کر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔خورشید احمد شاہ نے کہا کہ حکومت آہستہ آہستہ اپنے اصل ایجنڈے کی طرف آرہی ہے۔ عوم اور صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان سے خودکشی کرنے یا حکومت چھوڑنے کا مطالبہ نہیں کریں گے بلکہ ہم تو ان سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو ٹھیک کریں اور ملک وقوم کیلئے کام کریں لیکن انہیں اور ان کے وزیروں کو تو 24گھنٹے سیاست اور جمہوریت کے پیچھے پڑے رہنے سے فرصت ہی نہیں ہے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جیل اور جلا وطنی کی باتیں کرنے والوں کو بھی یہ سوچنا ہوگا کہ کبھی انہیں بھی یہ زندگی گذارنا پڑجائے گی، کیونکہ یہ اس ملک کی تاریخ رہی ہے کہ جو یہاں پر قانون بناتا ہے وہ پہلے خود اس کا شکار ہوتا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ دنیا میں روایت ہے کہ جو سیاستدان اپنی کمنٹ منٹ پوری نہیں کر پاتا ہے وہ مستعفی ہوجاتا ہے لیکن یہاں تو قول وفعل میں فرق ہوا ہے اور جن کے قول وفعل میں فرق ہو ان سے کیا بعید کہ وہ کیا نہیں کرسکتے۔انہوںنے کہا کہ جس ملک کا مڈل کلاس طبقہ تباہ ہوجاتا ہے اس ملک کی معیشت کبھی بہتر نہیں ہوسکتی ہے لیکن موجودہ حکومت ان کیلئے سوچنے کو تیار نہیں ہے، ان کیلئے منی بجٹ میں تنخواہ بڑھائی جانی چاہیئے تھی۔

انہوںنے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھ گئی ہے اور سعودی حکومت نے اخراجات بڑھا دیئے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت پی آئی اے کے کرایوں کے حوالے سے حج پر جانے والوں کورعایت دے سکتی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری حکومت کو گرانے میں میڈیا نے کردار ادا کیا، نوازشریف کی حکومت کو تہس نہس کرنے میں بھی اس کا کردار رہا، تو میڈیا ہی وہ طاقت ہے جو ایسے ہی ہائیپ بناتی ہے کہ اندھا بھی ناچنے لگ جاتا ہے لیکن ہم حکومت کو گرانے کے موڈ میں نہیں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ نظام اور جمہوریت چلتی رہی ہے لیکن یہاں تو جمہوریت چلانے والے ڈکٹیٹر بن رہے ہیں ان کا کشمیر پیپلزپارٹی کی سیاست اور منشور کا حصہ ہے اور جتنا پیپلزپارٹی نے اسکو اٹھایا ہے کسی حکومت یا جماعت نے اٹھایا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات