سانحہ ساہیوال ،جہاں ریاست ملوث ہو وہاں کچھ نتیجہ نہیں نکلتا، رضاربانی

ساہیوال معاملہ پر جوڈیشل کمیشن کے علاوہ کچھ بھی قابل قبول نہیں، پیپلز پارٹی کے رہنما کی گفتگو

پیر 4 فروری 2019 22:20

سانحہ ساہیوال ،جہاں ریاست ملوث ہو وہاں کچھ نتیجہ نہیں نکلتا، رضاربانی
حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات اور جے آئی ٹی سے متعلق کہا ہے کہ جہاں ریاست ملوث ہو وہاں کچھ نتیجہ نہیں نکلتا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کہا کہ ساہیوال معاملہ پر جوڈیشل کمیشن کے علاوہ کچھ بھی قابل قبول نہیں، واقعے میں شہید ہونے والوں کو جوڈیشل کمیشن واپس تو نہیں لا سکتا، لیکن اس سے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکتی ہے، جہاں ریاست ملوث ہو وہاں اس کا نتیجہ کچھ نہیں نکلتا۔

رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی حکومت ناجائز ٹیکسزلگارہی ہیں، آئین کے مطابق ٹیکس لگانے کے لئے قانون سازی ضروری ہے، بڑے سرمایہ کاروں نے موجودہ حکومت کو سپورٹ کیا تھا اور اب انہیں نوازا جا رہا ہے، منی بجٹ کے اعلان کے اگلے دن حکومت نے پیغام دیا کہ ٹریڈ یونین کو برداشت نہیں کیا جائے۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ مختلف حیلے بہانوں سے اٹھارہویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وفاق سمجھتا ہے کہ اس کا شیئر کم ہو رہا ہے، دوسرا معاملہ نصاب سے ہے، جو عدالتی فیصلے آئے ہیں ان میں اٹھارہویں ترمیم کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، وفاق اور ریاست ایک ذہن کو بنانا چاہتا ہے کہ کوئی اسے چیلنج نہ کر سکے، قومی نصاب فورم غیر آئینی ہے،اس کی کوئی حیثیت نہیں، ہم ہر فورم پر اٹھارہویں ترمیم کا دفاع کریں گے۔