Live Updates

کشمیر جلد آزاد ہوگا لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘جاوید ہاشمی

کشمیریوں نے اپنا خون دے کر اور پاکستانی پرچم سربلند کرکے دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے

منگل 5 فروری 2019 13:41

کشمیر جلد آزاد ہوگا لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘جاوید ..
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2019ء) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مقدمہ مضبوط جبکہ بدقسمتی سے وکیل کمزور ہے ، کشمیر جلد آزاد ہوگا لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،پاکستانی قوم کسی بھی مرحلے میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،ملک میںسیاسی ومعاشی خلفشار پر مسئلہ کشمیر الجھ جائے گا،کشمیریوں نے اپنا خون دے کر اور پاکستانی پرچم سربلند کرکے دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،کرتار پور بارڈ کھولنا احسان اقدام لیکن راہداری کھولنے کے فیصلے میں حکومت کی مشاورت شامل نہیں تھی،ہندوئوں کے طرز عمل سے کروڑوں سکھوں میں مایوسی کے سائے گہرے ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاںصحافیوںسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمد عارف سعید اور چوہدری خلیل احمد گھمن بھی موجود تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو شہہ رگ قرار دیا تھا اور کشمیر کا آج بنیادی مسئلہ حق خود ارادیت ہے جو کہ جواہر لعل نہرو نے خود تسلیم کیا تھا اور وہ ہی یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کرگئے تھے ،کشمیر کا مقدمہ بہت مضبوط ہے جبکہ اس کی وکالت کی ذمہ داری ہمارے کاندھوں پر ہے ،مقدمہ کشمیر مضبوط جبکہ بدقسمتی سے وکیل کمزور ہے،جب تک ہم اپنے ملک میں جمہوریت کا پرچم سربلند نہیں کرتے کشمیر کے بارے میں ہماری رائے کو دنیا اہمیت دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری نگر سمیت پورے کشمیر کی شاہراہوں پر خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں ،اذیت ناک ٹارچر سیلوں میں کشمیری نوجوانوں کی زندگیاں عذاب بنا دی گئی ہیں ،9لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کی سوچ کو گولیوں کے ذریعے تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ،وہاں کے مسلمانوں کی آبادی کو گھٹا کر ہندو قوم پرستوں کو کشمیر میں آباد کرنے کی کوشش جاری ہے لیکن وہ اس میں بری طرح ناکام ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی کشمیر جلد آزادی کی منزل پا لے گا ،جب تک پاکستان کے اندر سیاسی و معاشی خلفشار ہوگا مسئلہ کشمیر حل ہونے کے بجائے الجھ جائے گا ،اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستانی قوم نے کشمیر کی آزادی کیلئے کوششوں میں کمی نہیں چھوڑی لیکن جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے کشمیر کے حق میں اٹھنے والی ہماری ہر آواز کمزور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جلد یا بدیر آزاد ہونا ہے لاکھوں شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،اگر کشمیر کی آزادی کے بارے میں پاکستانی کوششوں میں کمی آئی تو ہم اس کا جواب بین الاقوامی سطح پر دے سکیں گے اور نہ ہی کشمیریوں کی عدالت میں ہم سرخروہونگے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ سکھوں نی1947ء میں ہندئوں کی جنگیں لڑ کر مسلمانوں پر اعتبار نہیں کیا ،سکھ قیادت نے دو اندیشی سے کام نہیں لیا جس کی وجہ سے پچھلے ستر سالوں میں سکھوں کی محرومیاں مایوسی کا رنگ دھار چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرتار پوربارڈر کھولنا احسن ترین اقدام ہے یہ راہداری کھولنے کا اعلان نوجوت سدھو اور جنرل باجوہ کی جانب سے کیا گیا تھا اگر اس راہداری کو کھولنے کے اعلان کا اختیار وزیر اعظم عمران خان کو دیا جاتا تواس کے دورس نتائج مرتب ہوتے اور موجودہ حکومت کا ایک بہتر امیج ابھر کر سامنے آتا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات