Live Updates

مولانا طارق جمیل نے عمران خان کی حمایت کرنے کی وجہ بتا دی

عمران خان کی حمایت میں دیا گیا بیان بلکل میری طرف سے تھا، میں نے اپنے ملک کے لیے جیسا جذبہ عمران خان کے اندر دیکھا ویسا کسی میں نہیں دیکھا،عمران خان نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست جیسا بنانے کا خواب دیکھا اور اسی چیز نے میرا دل جیتا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 فروری 2019 13:00

مولانا طارق جمیل نے عمران خان کی حمایت کرنے کی وجہ بتا دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 فروری 2018ء) مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم عمران خان کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے عمران خان کا ساتھ دینے کی اپیل کی تھی۔کیونکہ عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بنانا چاہتے ہیں۔ایک طالب علم نے مولانا طارق جمیل سے عمران خان کو سپورٹ کرنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ میں وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست جیسا بنانے کا خواب دیکھا۔

اس سے پہلے کبھی کسی نے ایسا خواب نہیں دیکھا اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان نے میرا دل جیتا۔مولانا طارق جمیل سے سوال کیا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی آپ کے بہت قریب رہے ہیں لیکن آپ نے کبھی بھی ان کے لئے ایسا ویڈیو پیغام جاری نہیں کیا جیسا کہ عمران خان کے لیے کیا ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں سے ملا ہوں لیکن ان میں سے کسی نے بھی مجھے پاکستان کے لیے اتنی محبت اور خیال ظاہر نہیں کیا جتنا کہ عمران خان نے کیا۔

(جاری ہے)

جب بھی وہ مجھے ملاقات کے لئے بلاتے تھے تو بہت ساری باتیں زیر بحث آتی تھی لیکن عمران خان وہ پہلے آدمی تھے جنہوں نے مجھے پاکستان پر بات کرنے کے لئے بلایا۔ملاقات کے ہر منٹ کے دوران میں نے عمران خان کے اندر ایک جذبہ ایک جنون اور ایک خالص سوچ پائی جو کہ اپنے ملک کے لیے ہے۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے اپنا پرسنل نمبر دیا اور کہا کہ مولانا صاحب جب بھی آپ کو لگے کہ میں کچھ غلط کر رہا ہوں تو آپ نے مجھے بتانا ہے اور مجھے اس معاملے میں بہترین نصیحت کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آپ مجھے اس سے کسی وقت بھی رابطہ کر سکتے ہیں میں آپ کی بات سنوں گا کیونکہ ہم آپ کی رہنمائی میں پاکستان کو مدینے جیسا بنانا چاہتے ہیں۔مولانا طارق جمیل سے سوال کیا گیا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ آپ نے عمران خان کی حمایت میں کسی پریشر کی وجہ سے بیان دیا یا پھر آپ سے کسی نے کہا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ یہ سوفیصد میری طرف سے بیان دیا گیا تھا کیونکہ مجھے محسوس ہوا کہ یہ شخص پاکستان کے لئے کچھ کرے گا کیونکہ اس کی نیت صاف ہے۔

مولانا طارق جمیل سے سوال کیا گیا کہ کچھ لوگ آپ کے اس بیان کی مخالفت بھی کر رہے ہیں اس متعلق آپ کیا کہیں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ وہ بھی میرے اپنے ہیں اور میں سب کے لیے دعا کرتا ہوں۔ایک صحت مند معاشرے میں اپنی رائے کا اظہار کرنا سب کا حق ہے اور میں اس چیز کی عزت بھی کرتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات