ملک ریاض نے مقدمات سے بچنے کے لیے بڑی آفر کردی

چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی ملک میں آزادانہ کاروبار کرنے کے لیے 3 بلین ڈالرز کی پیشکش، ملک ریاض اچانک باہر کیوں گئے؟ معروف صحافی کا اہم انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 فروری 2019 13:48

ملک ریاض نے مقدمات سے بچنے کے لیے بڑی آفر کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 فروری 2019ء) :سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کو جہاں مختلف مقدمات کا سامنا ہے وہیں دونوں سیاسی رہنما مقدمات سے بچنے کے لیے بھاری رقم کی آفر کر رہے ہیں۔جبکہ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کو بھی مقدمات کا سامنا ہے۔اسی حوالے سے معروف صحافی اور تجزیہ نگار چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ ملک ریاض نے بحریہ ٹاؤن کیس میں تین بلین ڈالر کی پیشکش کردی ہے۔

لیکن ملک ریاض کو کہا گیا ہے کہ آپ کم از کم چھے سے سات بلین ڈالر دیں تو ہی آپ کاروبار کر سکیں گے۔اور ایسا لگتا ہے کہ ملک ریاض کسی کی گارنٹی پر پیسے اکھٹے کرنے باہر گئے ہیں۔یاد رہے کہ جعلی اکائونٹس کیس میں چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے حکم پر بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔

بعض میڈیا چینلز کے مطابق ملک ریاض لندن چلے گئے ہیں اور دس روز میں واپس آنے کی یقین دہانی کروا کر گئے ہیں۔اسی حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفرید ی کا کہنا تھا کہ چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کو حکومت نے ایک مرتبہ ملک سے باہر جانے کی اجازت دی ہے ۔ اس سوال کہ ملک ریاض نے کس بات کے لیے باہر جانے کی اجازت طلب کی؟ کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی کوئی جواب نہ دے سکے اور بات گول کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے ۔ قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ہے وہ ایک مرتبہ بیرون ملک جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی ملک ریاض کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ قانون سب کے لیے برابر ہے ۔