سرفرازاحمد کو فوری طور پر ورلڈ کپ کا کپتان نامزد کیا جائے، ڈاکٹر جنید علی شاہ

منگل 5 فروری 2019 16:26

سرفرازاحمد کو فوری طور پر ورلڈ کپ کا کپتان نامزد کیا جائے، ڈاکٹر جنید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2019ء) سابق صوبائی وزیر کھیل حکومت سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 کیلئے فوری طور پر سرفراز احمد کو کپتان نامزد کیا جائے، کپتان کی نامزدگی میں تاخیر کی وجہ سے نہ صرف کپتان کنفویژن کا شکار ہیں بلکہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سرفراز احمد کے حوالے سے ان کی پوزیشن واضح کیوں نہیں کررہے۔

جبکہ سرفراز احمد نے اپنی کپتانی میں ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو نمبر ون بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔اسکے علاوہ انہوں نے ون ڈے میں بھی پاکستان کی رینکنگ بہتر بنوائی۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے سرفراز کو آئی سی سی کی جانب سے ملنی والی سزا کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جب متعلقہ کھلاڑی اور ان کے کرکٹ بورڈ نے اسکی غلطی معاف کردی تو اسکے بعد ان پر 4 میچوں کی پابندی کا کیا جواز تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے امید طاہر کی کہ پی ایس ایل فور سے پاکستان کرکٹ کو اچھا ٹیلنٹ ملے گا تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے متعدد باصلاحیت کھلاڑیوں کو پی اسی ایل میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے پاکستان ہاکی کے حوالے سے کہا کہ بظور صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر کراچی میں گراس روٹ ہاکی کو فروغ دینے کا عزم کیا ہوا ہے جبکہ ہاکی گرائونڈز آباد کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم گلشن کو مثالی گرائونڈ بنادیا گیا ہے جہاں کھلاڑیوں کلیئے تمام سہولتیں موجود ہیں۔