وقت آگیا ہے مسئلہ کشمیر کو مستقل حل کیا جائے، سینیٹر مشاہد حسین سید

سویلین نوجوانوں پر پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے ، لیگی رہنما کا خطاب

منگل 5 فروری 2019 17:15

وقت آگیا ہے مسئلہ کشمیر کو مستقل حل کیا جائے، سینیٹر مشاہد حسین سید
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے مسئلہ کشمیر کو مستقل حل کیا جائے۔ منگل کو مشاہد حسین سید نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے برطانوی پارلیمنٹ میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے اقوام متحدہ کی قرارداد میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں افواج کی تعیناتی کسی بھی علاقے سے زیادہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ریپ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سویلین نوجوانوں پر پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے ،میں برہان وانی اور کشمیری نوجوانوں سمیت تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

پورے ایشیاء میں تبدیلی کی ہوائیں چل رہی ہیں کوریا سے لیکر کرتا رپور اور اس سے آگے کابل تک عوام اب امن کی بات کررہے ہیں۔ سکیورٹی کونسل نے 1998 میں قرارداد جو منظور کی جس میں مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارت کو حالات کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا۔ مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورہ کے موقع پر کشمیری عوام نے ان کا مکمل بائیکاٹ کیا بھارت کو لگتا ہے کہ وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا سکتا ہے لیکن ہم کہتے ہیں کہ فتح صرف حق کی ہوتی ہے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ میں ان کا حق ملنا چاہئے۔ آل پارٹیز پارلیمنٹرین گروپ آن کشمیر نے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر ان کا مشکور ہوں وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔