انوویٹر کرکٹ لیگ 2019کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

ایاز میمن ،ظہیرعباس، ایاز بندوکڑا، اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں کی تقریب میں شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 5 فروری 2019 17:28

انوویٹر کرکٹ لیگ 2019کی افتتاحی تقریب کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2019ء) کراچی تاجرالائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وبانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا،سابق ٹیسٹ کرکٹرظہیر عباس معروف تاجر و سماجی رہنماء ایاز بندوکڑا اور انیسہ ولی اللہ کی انوویٹر کرکٹ لیگ 2019کی افتتاحی تقریب میں شرکت، پروقار افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، تقریب میں عوام کا جوش و خروش قابل دید تھا، تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایاز میمن کا کہنا تھا کہ انویٹر کرکٹ لیگ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا، ہمارے نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوو نما کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، کھیلوں کے فروغ کے لیئے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا اپنا کردار ادا کریں ، انہوں نے کہا کہ کھیل سے بچوں کی صحت بہتر ہوتی ہے ، کراچی کے بچوں کے لیے حکومت کو کھیل کے مواقع پیدا کرنے چاہئے، کھیل کے میدا نوں کی کمی کی وجہ سے بچے گلی محلوں میں کھیلنے پر مجبور ہیں ، علاقائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے سے بچوں کو نہ صرف سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے، انہوں نے انوویٹر لیگ کے روح رواں ثاقب اقبال کی کاوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ کراچی میں کھیل کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے ترقی یافتہ معاشرے اپنے بچوں اور نوجوانوں کے لیئے کھیل کے مواقع پیدا کرتے ہیں تا کہ ان کی ذہنی نشوو نما بہتر انداز میں ہو سکے، کراچی سمیت پورے ملک میں علاقائی اور ملکی سطح پر کھیل کے مقابلوں سے ہمارے صوبوں کے عوام میں نزدیکیاں جنم لیں گی اور ہمیں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال سمیت دیگر بین الاقوامی سطح پر کھیلے جانے والے کھیلوں کے لیئے اچھے کھلاڑی ملیں گے جو مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے،انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے فقدان سے ہم اپنے ہاتھ سے ہی نہایت قابل کھلاڑیوں کو کھو بیٹھتے ہیں ، ہمارے ملک کی عوا م بہت قابل ہے اور پاکستانی قوم نے ہر شعبہ میں اپنے کارکردگی سے اپنے ملک کا نام روشن کیا جو ہر پاکستانی کے لیئے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ میں شکر یہ ادا کرتا ہوں ان تمام لوگوں کا جنہوں نے اس لیگ کا انعقاد شہر قائد میں کیا اور میں اپیل کرتاہوں حکومت پاکستان سے کہ وہ کھیل کے شعبے میں اصلاحات کریں اور ہمارے ملک کے نوجوانوں کو آگے آنے کے مواقع پیدا کریں تا کہ ہماری نوجوان نسل بے راہ روی سے محفوظ رہ سکے۔