ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے لندن میں عالمی کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم

بار نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی استقامت کو بھی سلام پیش کیا جن کی غیر قانونی نظربندی کو گزشتہ روز 26برس مکمل ہو گئے ہیں

بدھ 6 فروری 2019 14:57

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے لندن میں عالمی کشمیرکانفرنس کے انعقا د کا خیرمقدم کیا ہے جس میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عالمی برداری پر مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر بھی زوردیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بار نے ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کی استقامت کو بھی سلام پیش کیا جن کی غیر قانونی نظربندی کو گزشتہ روز 26برس مکمل ہو گئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نہ صرف ڈاکٹر قاسم اور بلکہ انکی اہلیہ آسیہ اندرابی نے جاری جدوجہدآزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور انہوںنے تمام تر مظالم کے باوجود بھارت سے شکست نہیں مانی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھی ہے ۔ بار ایسوسی ایشن نے کولگام کے علاقے تاریگام میںتلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران بھارتی فورسز کی طرف سے مقامی افراد پر ظلم و تشدد اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی شدید مذمت کی ہے ۔ بھارتی فوجیوںنے علاقے میں لوگوں پر ظلم و تشدد کے علاوہ بجلی کے دوٹرانسفارمروں اور ایک موٹر سائیکل کونذرآتش کرنے کے علاوہ پیلٹ گنز کابھی بے دریغ استعمال کیا تھا جس سے 8افراد زخمی ہو گئے تھے ۔